راجستھان:موٹر سائیکل کی ٹکر پر معمولی جھگڑے میں مسلم نوجوان کا پیٹ پیٹ کر قتل

ناراض مقامی مسلمانوں کا سڑکوں پر نکل کا احتجاج،کشیدگی کو دیکھتے ہوئے پولیس فورس تعینات،ایک درجن سے زائد افراد حراست میں لئے گئے

نئی دہلی ،30 سمتبر :۔

اسے لوگوں کے اندر سے ختم ہوتی انسانیت کہیں یا شقی القلبی کہ لوگ معمولی تنازعہ پر بھی ایک دوسرے کی جان لینے سے بھی گریز نہیں کر رہے ہیں ،اور اس پر مزید اگر کوئی مسلمان ہوتو اس کو پیٹ پیٹ کر قتل کرنا عام بات ہو گیا ہے ۔ ۔ایسے ہی راجستھان کے جے پور میں  ایک معمولی واقعہ میں اقبال نامی نوجوان کو بھیڑ نے پیٹ پیٹ کر قتل کر دیا ۔ماب لنچنگ کے بعد مقامی مسلمانوں میں ناراضگی اور غصہ بھڑک اٹھا ،لوگوں نے احتجاج کرتے ہوئے سڑکیں بلاک کر دیں اور انصاف کا مطالبہ کرتے ہوئے نعرے بازی کی۔

رپورٹ کے مطابق راجستھان کی راجدھانی جے پور  کے شبھاس چوک پر یہ واقعہ پیش آیا جہاں موٹر سائیکل کی ٹکر پر معمولی جھگڑے کے بعد ایک مسلم نوجوان اقبال کو پیٹ پیٹ کر ہلاک کر دیا گیا۔

ایس ایچ او کے مطابق جمعہ کی رات 12 بجے کے قریب  پھوٹا کھرا  رام گنج کا رہنے والا اقبال (18) جی سنگھ پور کھوڑ سے موٹر سائیکل پر گھر جا رہا تھا۔اسی دوران گنگا پول کے بازار میں راہل   کی بائک ایک اور بائک سے ٹکرا گئی اور دونوں نوجوانوں کے درمیان کہا سنی اور گالی گلوج ہونے لگی۔

اس دوران وہاں کھڑے معمر شخص نے دونوں کو گالیاں دینے سے منع کیا جس کے بعد الزام ہے کہ اقبال کا وہاں کھڑے لوگوں سے جھگڑا ہوا اور ہجوم نے اقبال کو لاٹھیوں اور ڈنڈوں سے مارنا شروع کر دیا جس سے وہ خون سے لت پت ہو گیا۔دریں اثنا اسے اسپتال میں داخل کرایا گیا جہاں اس نے زخموں کی تاب نہ لا کر دم توڑدیا۔

اقبال کی  موت کے بعد علاقے میں کشیدگی کی فضا پیدا ہوگئی، لوگ اقبال کے لیے انصاف کا مطالبہ کرنے سڑکوں پر نکل آئے، جس کے بعد پولیس کی مکمل نفری تعینات کردی گئی۔اس سلسلے میں پولیس نے ایک درجن کے قریب افراد کو حراست میں لے لیا ہے۔اس کے علاوہ راجستھان حکومت نے متاثرہ خاندان کو 50 لاکھ روپے دینے کا اعلان کیا ہے۔

رپورٹ کے مطابق بڑی چوپار سے رام گنج چوپار تک سڑک بند کر کے  ہزاروں مقامی لوگ احتجاج میں دھرنے پر بیٹھے ہیں۔موقع پر   ایس ٹی ایف، ای آر ٹی، کیو آر ٹی، آر اے سی اور پولیس فورس تعینات ہے۔