راجدھانی دہلی میں خوفناک آتشزدگی ،اب تک 11افراد کی جھلس کر موت
نئی دہلی،16فروری :۔
راجدھانی دہلی میں آتشزدگی کے حادثے آئے دن ہوتے رہتے ہیں لیکن متعدد حادثے ایسے رونما ہوئے ہیں جو انتہائی خوفناک اور دل دہلا دینے والے ہیں۔ایک بار پھر قومی راجدھانی دہلی میں آتشزدگی کا ایسا ہی خوفناک معاملہ سامنے آیا ہے۔ رپورٹ کے مطابق دہلی کے علی پور کی پینٹ فیکٹری میں آگ لگ گئی، جس میں 11 لوگوں کی موت ہو گئی اور 4 لوگ بری طرح جھلس گئے۔ فائر بریگیڈ کے 22 اہلکاروں نے مشقت کے بعد آگ پر قابو پایا۔
رپورٹ کے مطابق ہلاک شدگان کی شناخت بہت مشکل ہے ان کے جسم مکمل طور پر خاکستر ہو گئے ہیں ۔ جاں بحق ہونے والے خود فیکٹری کے مزدور بتائے جاتے ہیں۔ جب آگ لگی تو وہ اسے بجھانے میں مصروف تھے۔ اسی دوران پینٹ بنانے میں استعمال ہونے والے کیمیکل کا ڈرم پھٹ گیا۔جس سے حالات مزید بد تر ہو گئے اور انہیں اپنی جان بچانا مشکل ہو گیا۔ فیکٹری میں بڑے پیمانے پر آگ سے ہلاکتوں میں اضافہ کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے ۔ فیکٹری کے اندر سرچ آپریشن چلایا جا رہا ہے۔
خیال رہے کہ دہلی کا علی پور ایک گنجان آباد علاقہ ہے اور جمعرات کی شام یہاں چل رہی پینٹ فیکٹری میں آگ لگ گئی۔ کیمیکل کی وجہ سے آگ بڑھتی اور پھیلتی گئی۔ جس سے فیکٹری میں موجود لوگ جھلس گئے۔ آگ میں جھلسنے والے کچھ لوگوں کو اسپتال لے جایا گیا۔ کچھ کی موقع پر ہی موت ہو گئی۔ آگ کیسے لگی اس بارے میں ابھی تک کوئی معلومات سامنے نہیں آئی ہیں۔