رابطہ عالم اسلامی کے سکریٹری جنرل ڈاکٹر عبد الکریم العیسیٰ دہلی کے تاریخی جامع مسجد میں خطبہ جمعہ دیں گے
نئی دہلی،12جولائی:۔
رابطہ عالم اسلامی کے سکریٹری جنرل ڈاکٹرمحمد بن عبدالکریم العیسیٰ ان دنوں ہندوستان کے دورے پر ہیں ۔وہ ملک کی مختلف ریاستوں اور مختلف شخصیات سے ملاقات کر رہے ہیں ،آنے والے جمعہ کو وہ دہلی کی تاریخی جامع مسجد میں جمعہ کا خطبہ بھی دیں گے۔
ڈاکٹر العیسیٰ حکومت ہند کی دعوت پر ہندوستان کے پانچ روزہ دورے پر ہیں۔ پیر کو دہلی پہنچے رابطہ عالم اسلامی کے سربراہ کا ہندوستانی مسلمانوں اور حکومت ہند نے استقبال کیا۔ انہوں نے قومی دارالحکومت میں انڈیا اسلامک کلچرل سینٹر میں مسلم مذہبی اسکالرز، ماہرین تعلیم، دانشوروں اور صحافیوں سے خطاب کیا۔ انہوں نے اپنی تقریر میں انسانی معاشرے میں مذہبی اور ثقافتی تنوع کی اہمیت پر زور دیا۔
جاری کردہ بیان کے مطابق ڈاکٹرالعیسیٰ ہندوستانی صدر دروپدی مرمو، وزیر اعظم نریندر مودی، سینئر اسلامی مذہبی رہنماؤں کے ساتھ ساتھ دیگر مذاہب کے مذہبی رہنماؤں سے بھی ملاقات کریں گے۔
وہ برادرانہ اور دوستانہ بات چیت کو فروغ دینے، افہام و تفہیم اور تعاون کو بڑھانے اور مشترکہ دلچسپی کے بہت سے موضوعات پر تبادلہ خیال کرنے کے لیے اسلامی برادری کے ساتھ ساتھ مختلف ہندوستانی برادریوں کے پروگراموں میں بھی شرکت کریں گے۔ڈاکٹر العیسیٰ کئی وزراء، ارکان پارلیمنٹ اور اعلیٰ سرکاری حکام سے بھی ملاقات کریں گے۔