دہلی ہائی کورٹ نے مہرولی کی مغل مسجد میں نماز پڑھنے سے روکنے پر اے ایس آئی اور مرکز سے جواب طلب کیا
نئی دہلی،12اپریل :۔
دہلی کے مہرولی علاقے میں واقع مغل مسجد میں نماز کی ادائیگی پر پابندی کے خلاف دہلی وقف بورڈ کی عرضی پر سماعت کرتے ہوئے دہلی ہائی کورٹ نے منگل کو مرکزی حکومت اور آرکیالوجیکل سروے آف انڈیا (اے ایس آئی) سے جواب طلب کیا۔13 مئی 2022 کو، آرکیالوجیکل سروے آف انڈیا (اے ایس آئی ) کے اہلکاروں نے قطب مینار میں واقع مسجد میں نماز پر پابندی لگا دی، ایک وقف جائیداد جسے دہلی میں مہرولی کے مشرقی دروازے سے متصل ‘مسجد’ کے طور پر مطلع کیا گیا تھا۔ اس کے بعد سے مغل مسجد میں نماز کی ادائیگی مکمل طور پر بند ہے۔
دہلی وقف بورڈ نے ان کی زیر التواء عرضی کو جلد نمٹانے کا مطالبہ کیا ہے۔دہلی ہائی کورٹ نے دہلی وقف بورڈ مینجمنٹ کمیٹی کی عرضی پر مرکزی حکومت اور آرکیالوجیکل سروے آف انڈیا (اے ایس آئی) سے جواب طلب کیا ہے۔
دہلی وقف بورڈ مینجمنٹ کمیٹی کی عرضی میں مہرولی کی مغل مسجد میں نماز کی ادائیگی پر پابندی کے خلاف اس کی زیر التواء عرضی کو جلد نمٹانے کا مطالبہ کیا گیا ہے۔جسٹس منوج کمار اوہری نے درخواست گزار کی درخواست پر عدالت عظمیٰ کے حکم کے مطابق 21 اگست سے اس معاملے کی پیشگی سماعت کے لیے نوٹس جاری کیا۔
انڈیا ٹو مارو کی رپورٹ کے مطابق درخواست گزار کی جانب سے وکیل ایم سفیان صدیقی نے کہا کہ معاملہ کچھ عرصے سے زیر التوا ہے۔ صدیقی نے کہا کہ اس معاملے کی جلد سماعت کی جائے کیونکہ رمضان کا مہینہ چل رہا ہے اور عید الفطر کے فوراً بعد لوگ مغل مسجد میں نماز ادا کرنے کے منتظر ہیں۔
جلد سماعت کے لیے اپنی درخواست میں، درخواست گزار نے انصاف کے حق پر زور دیا اور کہا کہ ہر گزرتے دن کے ساتھ، آئین کی جانب سے مساوی سلوک اور ‘قانون کی حکمرانی’ کی بالادستی کی یقین دہانی کے باوجود اس کے بنیادی حقوق کی خلاف ورزی کی جا رہی ہے۔
درخواست کا جواب دیتے ہوئے اے ایس آئی نے کہا ہے کہ متنازعہ مسجد قطب مینار کے احاطے میں ہے اور اس لیے ایک محفوظ علاقہ ہے اور وہاں نماز پڑھنے کی اجازت نہیں دی جا سکتی۔
اے ایس آئی نے کہا کہ مغل مسجد میں عبادت کی اجازت نہ صرف ایک مثال قائم کرے گی بلکہ اس سے دیگر یادگاریں بھی متاثر ہو سکتی ہیں۔جواب میں کہا گیا، "موجودہ مقدمہ اس بنیاد پر خارج ہونے کا مستحق ہے کہ درخواست گزار یہ کہہ کر معزز عدالت کو گمراہ کر رہے ہیں کہ متنازعہ مسجد مرکزی طور پر محفوظ یادگار نہیں ہے۔
درخواست گزار نے دعویٰ کیا ہے کہ مسجد "محفوظ” نہیں ہے اور یہ مسجد قوۃ الاسلام سے کچھ فاصلے پر بھی ہے جو یہ ثابت کرنے کے لیے ٹھوس ثبوت ہے کہ مسجد مذہبی استعمال کے تحت تھی اور اس میں باقاعدہ نمازیں ادا کی جا رہی تھیں۔
عدالت نے معاملے کی اگلی سماعت 27 اپریل کو مقرر کی ہے۔
درخواست گزار نے گزشتہ سال ہائی کورٹ سے رجوع کیا تھا کہ اے ایس آئی اہلکاروں نے اسے 13 مئی 2022 کو مغل مسجد میں نماز پڑھنے سے مکمل طور پر روک دیا تھا۔ اس معاملے کی اگلی سماعت 27 اپریل کو ہوگی۔