دہلی کی نئی بی جے پی حکومت میں وزیر اعلی سمیت 71 فیصد وزراء کے خلاف مجرمانہ مقدمات درج
ایسوسی ایشن فار ڈیموکریٹک ریفارمز(اے ڈی آر ) کی جانب سے جاری کردہ حالیہ رپورٹ میں انکشاف،نو منتخب وزیر آشیش سود پر سنگین مجرمانہ الزامات

نئی دہلی،21 فروری :۔
بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) نے 27 سال بعد دہلی ریاست میں واپسی کی ہے اور ریکھا گپتا نے جمعرات کو دہلی کی چوتھی خاتون وزیر اعلیٰ کے طور پر حلف لیا اور اس کے بعد وزیر اعلیٰ کا عہدہ بھی سنبھال لیا ہے۔ دریں اثنا، سیاسی جماعتوں پر تحقیق کرنے والی تنظیم ایسوسی ایشن فار ڈیموکریٹک ریفارمز (اے ڈی آر ) نے کئی اہم حقائق شیئر کیے ہیں۔اے ڈی آر کی رپورٹ کے مطابق دہلی میں حلف لینے والے سات وزراء میں سے وزیر اعلیٰ سمیت پانچ نے اپنے خلاف فوجداری مقدمات کا اعلان کیا ہے۔
اے ڈی آر کے تجزیے کے مطابق سات میں سے پانچ وزراء (71 فیصد) نے اپنے خلاف فوجداری مقدمات کا اعلان کیا ہے، جب کہ دو وزراء (29فیصد) ارب پتی ہیں۔رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ وزیر اعلیٰ ریکھا گپتا سمیت پانچ وزراء نے اپنے خلاف فوجداری مقدمات کا اعلان کیا ہے۔ ان میں سے ایک وزیر آشیش سود کو سنگین مجرمانہ الزامات کا سامنا ہے۔ اس رپورٹ میں یہ بھی بتایا گیا ہے کہ اقتصادی بنیادوں پر کابینہ کے دو وزرا ارب پتی ہیں۔
اے ڈی آر کی رپورٹ میں یہ بھی دعویٰ کیا گیا ہے کہ نئی دہلی حکومت کے دو وزیر ارب پتی ہیں۔ یہ نتائج 2025 کے دہلی اسمبلی انتخابات سے قبل وزراء کے ذریعہ جمع کرائے گئے خود حلف نامہ پر مبنی ہیں۔رپورٹ کے مطابق، سب سے زیادہ اعلان کردہ خالص مالیت کے وزیر منجندر سنگھ سرسا، راجوری گارڈن حلقہ کے ایم ایل اے ہیں، جن کے اثاثے 248.85 کروڑ روپے ہیں۔
ریسرچ انسٹی ٹیوٹ کی رپورٹ کے مطابق، سب سے کم اعلان شدہ خالص مالیت کے وزیر کا نام کراول نگر حلقہ سے تعلق رکھنے والے کپل مشرا ہیں، جن کے اثاثوں کی مالیت 1.06 کروڑ روپے ہے۔اے ڈی آر کی طرف سے جاری اس رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ تجزیہ کیے گئے سات وزراء کی اوسط دولت 56.03 کروڑ روپے ہے۔بی جے پی حکومت کے تمام سات وزراء نے واجبات کا اعلان کیا ہے، نئی دہلی حلقہ سے منتخب ہونے والے پرویش صاحب سنگھ کے پاس سب سے زیادہ 74.36 کروڑ روپے ہیں۔اطلاعات کے مطابق حلف اٹھانے والے 6 وزراء (86فیصد) نے گریجویشن یا اس سے اوپر کی تعلیمی قابلیت کا اعلان کیا ہے جبکہ ایک وزیر نے صرف 12ویں جماعت تک تعلیم حاصل کی ہے۔
(بشکریہ انڈیا ٹو مارو ہندی)