دہلی کی شکست کے لئے کانگریس کی ہٹ دھرمی ذمہ دار: ممتا بنرجی
![](https://dawatnews.net/wp-content/uploads/2025/02/Mamata.jpg)
کولکاتہ، 10 فروری :۔
دہلی اسمبلی انتخابات کے نتائج کے بعد عام آدمی پارٹی کی عبرتناک شکست پر انڈیا اتحاد کی جماعتوں کی جانب سے بھی رد عمل کا اظہار کیا جا رہا ہے۔ اس دوران وزیر اعلیٰ ممتا بنرجی نے اپنی خاموشی توڑی ہے۔ انہوں نے کہا کہ کانگریس کا ضدی رویہ انتخابات میں عام آدمی پارٹی (اے اے پی) کی کراری شکست کے لئے ذمہ دار ہے۔ اگر کانگریس نے عام آدمی پارٹی کے ساتھ مل کر کام کیا ہوتا تو دہلی میں ایسے نتائج نہ آتے۔ انہوں نے ہریانہ اسمبلی انتخابات کے تناظر میں اروند کیجریوال کی پارٹی پر بھی تنقید کی۔ انہوں نے کہا کہ اگر عام آدمی پارٹی ہریانہ میں کانگریس کے ساتھ اتحاد کرتی تو وہاں بھی نتائج مختلف ہو سکتے تھے۔
دہلی اسمبلی انتخابات میں، بی جے پی نے 70 میں سے 48 سیٹیں جیتی ہیں، جب کہ عام آدمی پارٹی کو 22 سیٹیں ملی ہیں۔ اس الیکشن میں کانگریس کا کھاتہ بھی نہیں کھلا ہے۔ ممتا بنرجی نے انتخابی نتائج کے اعلان کے فوراً بعد کوئی رسمی بیان نہیں دیا، لیکن انہوں نے پیر کو اسمبلی احاطے میں ترنمول لیجسلیچر پارٹی کے اجلاس میں یہ مسئلہ اٹھایا۔ انہوں نے کہا کہ بی جے پی نے صرف چند فیصد ووٹوں کے فرق سے دہلی میں اقتدار پر قبضہ کیا ہے۔ اگر کانگریس عام آدمی پارٹی کے ساتھ اتحاد کرتی تو ایسا نہیں ہوتا۔ یہ انتہائی تشویشناک ہے کہ کانگریس کو صرف پانچ فیصد ووٹ ملے۔
اس دوران ممتا بنرجی نے ہریانہ اسمبلی انتخابات کا بھی ذکر کیا، جہاں بی جے پی نے 90 میں سے 48 سیٹیں جیتی تھیں، جب کہ کانگریس کو 37 سیٹیں ملی تھیں۔ جبکہ کیجریوال کی پارٹی ہریانہ میں ایک بھی سیٹ نہیں جیت سکی۔ اس تناظر میں ممتا نے کہا کہ اگرعام آدمی پارٹی ہریانہ میں کانگریس کے ساتھ تال میل سے کام کرتی تو نتائج مختلف ہو سکتے تھے۔