دہلی کی تیسری خاتون وزیر اعلیٰ بنیں آتشی، لیفٹیننٹ گورنر نے دلایا حلف
کابینہ میں 5 اراکین اسمبلی کی شمولیت
نئی دہلی ،21 ستمبر :۔
عام آدمی پارٹی کی لیڈر آتشی نے آج دہلی کے وزیر اعلیٰ عہدہ کا حلف لے لیا۔ دہلی کے لیفٹیننٹ گورنر ونئے کمار سکسینہ نے 21 ستمبر کو گورنر ہاؤس میں منعقد ایک سادہ تقریب کے دوران آتشی کو وزیر اعلیٰ عہدہ کا حلف دلایا اور اس کے ساتھ آتشی دہلی کی تیسری خاتون وزیر اعلیٰ بن گئیں۔ ساتھ ہی انھوں نے دہلی کی سب سے کم عمر خاتون وزیر اعلیٰ ہونے کا شرف بھی حاصل کر لیا۔ اس سے قبل بی جے پی کی سشما سوراج اور کانگریس کی شیلا دکشت وزیر اعلیٰ رہ چکی ہیں۔
آتشی کے ساتھ ان کی کابینہ میں 5 لیڈران کو جگہ ملی ہے۔ گوپال رائے، سوربھ بھاردواج، کیلاش گہلوت، عمران حسین اور مکیش اہلاوت کو وزارتی عہدہ کا حلف دلایا گیا۔ سلطان پور ماجرا سے رکن اسمبلی مکیش اہلاوت پہلی بار دہلی حکومت میں وزیر بنے ہیں، جبکہ گوپال رائے، سوربھ بھاردواج، کیلاش گہلوت، عمران حسین اس سے قبل کیجریوال حکومت میں بھی کابینہ وزیر تھے۔
واضح رہے کہ عام آدمی پارٹی کی لیڈر آتشی دہلی کے کالکا جی سے رکن اسمبلی ہیں۔ اردوند کیجریوال حکومت میں وہ وزیر تعلیم، پی ڈبلیو ڈی، بجلی، سیاحت، ترقی خواتین و اطفال سمیت کئی دیگر محکموں کی وزیر تھیں۔ وہ عام آدمی پارٹی کی سیاسی معاملوں کی کمیٹی کی بھی رکن ہیں۔ آکسفورڈ یونیورسٹی سے 2003 میں تاریخ میں انھوں نے ماسٹر ڈگری حاصل کی تھی۔ عام آدمی پارٹی کے قیام کے دنوں سے ہی وہ پارٹی میں سر گرم ہیں۔