دہلی: چوری کے الزام میں مسلم نوجوان کی بے رحمی سے پٹائی،موت
پولیس نے ملزمین کے خلاف مقدمہ درج کرکے معاملے کی تفتیش شروع کردی، کچھ لوگ حراست میں لئے گئے
نئی دہلی27،ستمبر :۔
موجودہ معاشرے میں انسان کتنا وحشی ہوتا جا رہا ہے اس کا اندازہ لگانا مشکل ہو گیا ہے ،معمولی بات پر مار پیٹ کرنا اور کسی کی جان لے لینا اب معمول کے واقعات بنتے جا رہے ہیں ،خاص طور پر مذہبی جنون نے انسانوں کے اندر سے انسانیت ختم کر دی ہے ۔راجدھانی دہلی میں گزشتہ روز منگل کی رات ایسا ہی انسانیت سوز واقعہ پیش آیا جہا ایک 26 سالہ ایثار احمد نامی ایک مسلم نوجوان کو ہندو ہجوم نے بے رحمی سے پٹائی کر دی ،جس سے اس کی موت ہو گئی ۔پولیس نے معاملہ درج کر کے اس سلسلے میں کچھ لوگوں کو حراست میں لیا ہے ۔ واقعہ منگل کو دہلی کے سندر نگری تھانہ کے تحت نند نگری میں پیش آیا ۔بتایا جا رہا ہے کہ اس کی ذہنی حالت ٹھیک نہیں ہے ۔وہ وہاں مذہبی تقریب میں شرکت کرنے گیا تھا ،وہاں اس نے پرساد اٹھایا اور کھا گیا ، اس کے بعد ہجوم نے اس کو پکڑ کر جم کر پیٹااور نیم مردہ حالت میں سڑک پر چھوڑ کر فرار ہو گئے ۔کچھ لوگوں نے معمولی چوی کے شک میں پیٹائی کرنے کی بھی بات کی ہے۔
بے دردی سے پیٹے جانے کا ویڈیو وائرل ہو رہا ہے۔ اس ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ کچھ لوگ ایک نوجوان کو کھمبے سے باندھ کر بے رحمی سے پیٹ رہے ہیں ۔واقعہ کی اطلاع ملتے ہی پولیس نے ملزم کے خلاف مقدمہ درج کرکے معاملے کی تفتیش شروع کردی۔ اب تک پولس نے اس معاملے میں کچھ لوگوں کو حراست میں لیا ہے۔ پولیس کی ابتدائی تفتیش میں یہ بات سامنے آئی ہے کہ ملزم متاثرہ کو زدوکوب کرنے کے بعد سڑک کنارے چھوڑ کر فرار ہو گئے۔ مقتول مزدوری کا کام کرتا تھا۔ ان کے علاوہ ان کی فیملی میں چار بہنیں اور والدین ہیں۔سوشل میڈیا پر وڈیو شیئر کرتے ہوئے متعدد صارفین نے اس واقعہ کو افسوسناک قرار دیا ہے ۔
اس واقعہ کے بعد علاقے میں لوگوں میں غم و غصہ پایا جاتا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ اگر کسی کو ایثار پر چوری کا شبہ تھا تو اسے پہلے پولیس کے پاس جانا چاہیے تھا۔ ایثار سے پوچھ گچھ کے بعد پولس فیصلہ کرے گی کہ اس نے چوری کی ہے یا نہیں۔ لیکن چوری کے الزام میں سڑک کے کنارے کسی کو باندھ کر پیٹ پیٹ کر موت کے گھاٹ اتار دیا جانا۔ یہ کہاں کا انصاف ہے؟ پولیس فی الحال اس پورے معاملے کی تحقیقات کر رہی ہے۔