دہلی میں بی جے پی کی حکومت بنتے ہی کپل مشرا کو دہلی فسادات معاملے میں کلین چٹ
دہلی پولیس نے دہلی میں نو منتخب بی جے پی حکومت میں ریاستی وزیر قانون کے خلاف ایف آئی آر درج کرنے کی مخالفت کی اور الزامات کو بے بنیاد قرار دیا

نئی دہلی،یکم مارچ :۔
دہلی میں بی جے پی کی حکومت کی تشکیل کے بعد حالات تبدیل ہونے لگے ہیں ۔دہلی فسادات معاملے میں اب تک جہاں ملزمین ضمانت پر باہر آ رہے تھے اب سیدھے طور پر فساد بھڑکانے میں اہم کردار ادا کرنے والے اور پیش پیش رہنے والے بی جے پی رہنماؤں کو کلین چٹ ملنے لگی ہے۔اس معاملے میں دہلی پولیس نے جمعرات کو دارالحکومت کی ایک عدالت میں بی جے پی رہنما اور دہلی کی نئی حکومت میں وزیر کپل مشرا کے خلاف مقدمہ درج کرنے کی درخواست کی مخالفت کی۔ درخواست میں نو منتخب دہلی حکومت میں ریاستی وزیر قانون کے خلاف 2020 کے شمال مشرقی دہلی فسادات میں مبینہ طور پر ملوث ہونے کے الزام میں ایف آئی آر درج کرنے کی مانگ کی گئی تھی۔ پولیس نے عدالت کو بتایا کہ تحقیقات سے پتہ چلتا ہے کہ مشرا کو جھوٹے طور پر پھنسانے کی سازش رچی گئی تھی اور تشدد پر اکسانے والے ہجوم کے لیڈر کے طور پر پیش کیا گیا تھا۔اس کیس کی سماعت ایڈیشنل چیف جوڈیشل مجسٹریٹ ویبھو چورسیا نے راوز ایونیو کورٹ میں کی۔
جمنا وہار کے رہائشی محمد الیاس کی طرف سے اگست 2024 میں داخل کردہ درخواست میں دیال پور پولیس اسٹیشن کے اس وقت کے اسٹیشن ہاؤس آفیسر (ایس ایچ او) مشرا اور پانچ دیگر کے خلاف ایف آئی آر درج کرنے کا مطالبہ کیا گیا تھا، بشمول تین بی جے پی لیڈروں – مصطفی آباد کے ایم ایل اے موہن سنگھ بشٹ اور سابق ایم ایل اے جگدیش پردھان اور ستپال ایم پی ۔عدالت نے درخواست پر فیصلہ محفوظ کر لیا اب 24 مارچ کو فیصلہ سنایا جائے گا۔ الیاس کی نمائندگی کرنے والے ایڈوکیٹ محمود پراچہ نے الزام لگایا کہ 23 فروری 2020 کو انہوں نے مشرا اور اس کے ساتھیوں کو کردم پوری میں ایک سڑک بلاک کرتے اور دکانداروں کی گاڑیوں کو توڑتے ہوئے دیکھا۔ انہوں نے مزید دعویٰ کیا کہ اس وقت کے ڈپٹی پولیس کمشنر (نارتھ ایسٹ) اور دہلی پولیس کے دیگر اہلکار مشرا کے ساتھ کھڑے تھے اور مظاہرین کو خبردار کر رہے تھے کہ وہ علاقہ خالی کر دیں ورنہ نتائج کا سامنا کرنا پڑے گا۔
گزشتہ روز خصوصی سرکاری وکیل امت پرساد، دہلی پولیس کے اسپیشل سیل کی طرف سے پیش ہوئے، عدالت کو بتایا کہ فسادات کے پیچھے بڑی سازش کے سلسلے میں مشرا کے کردار کی پہلے ہی جانچ کی جا چکی ہے۔ اس کیس میں غیر قانونی سرگرمیاں (روک تھام) ایکٹ کے تحت الزامات شامل ہیں، جس میں جے این یو کے سابق طلبہ لیڈر عمر خالد اور دیگر طلبہ کارکنوں کو نامزد کیا گیا ہے۔پرساد نے دلیل دی، ‘دہلی پروٹسٹ سپورٹ گروپ ( ڈی پی ایس جی) کی چیٹس سے پتہ چلتا ہے کہ چکہ جام (سڑک بلاک کرنے) کی منصوبہ بندی پہلے سے کی جا رہی تھی۔ 15 اور 17 فروری 2020 کو۔ انہوں نے مزید دعویٰ کیا کہ تحقیقات سے پتہ چلا ہے کہ مشرا پر تشدد شروع کرنے والے ہجوم کی قیادت کرنے کا الزام لگانے کا منصوبہ بنایا گیا تھا۔پولیس نے اس بات پر بھی زور دیا کہ فسادات میں مشرا کے مبینہ طور پر ملوث ہونے کی خصوصی سیل نے پوری طرح سے جانچ کی اور اسے بے بنیاد پایا۔