دہلی میں انتخابی بگل، 5 فروری کو پولنگ اور 8کو نتائج،یوپی کی ملکی پور سیٹ پر بھی ووٹنگ
نئی دہلی،07 جنوری :۔
دہلی میں اسمبلی انتخابات کی ہلچل پہلے ہی شروع ہو گئی تھی اب الیکشن کمیشن نے دہلی اسمبلی انتخابات 2025 کے لیے شیڈول کا اعلان کر دیا ہے۔ چیف الیکشن کمشنر راجیو کمار نے دہلی کے وگیان بھون میں منعقدہ پریس کانفرنس کے دوران انتخابات کی تاریخوں کا اعلان کیا۔ انہوں نے بتایا کہ دہلی میں 70 اسمبلی حلقوں میں ایک ہی مرحلے میں انتخابات کرائے جائیں گے۔ ووٹنگ 5 فروری 2025 بروز بدھ ہوگی، جبکہ ووٹوں کی گنتی 8 فروری 2025 کو ہوگی۔
دریں اثنا اتر پردی کی ہاٹ سیٹ مانی جانے والی ملکی پور سیٹ کے ضمنی انتخاب کا بھی اعلان کیا گیا ہے۔ دہلی اسمبلی انتخابات کے ساتھ ملکی پور سیٹ پر ضمنی انتخاب بھی ہوگا۔ یہ سیٹ ایس پی ایم پی اودھیش پرساد کے اسمبلی سے استعفیٰ دینے کے بعد خالی ہوئی ہے۔ سماج وادی پارٹی نے اس سیٹ سے اودھیش پرساد کے بیٹے اجیت پرساد کو اپنا امیدوار بنایا ہے۔ تاہم بی جے پی کی جانب سے امیدوار کے نام پر ابھی تک کوئی فیصلہ نہیں کیا گیا ہے۔
رپورٹ کے مطابق قومی دارالحکومت دہلی کے وگیان بھون میں منگل کو ایک پریس کانفرنس میں تاریخوں کا اعلان کیا گیا۔ الیکشن کمیشن کے مطابق ملکی پور ضمنی انتخاب کے لیے ووٹنگ 5 فروری کو ہوگی اور نتائج کا اعلان 8 فروری کو کیا جائے گا۔ اس الیکشن کا نوٹیفکیشن 10 جنوری کو جاری کیا جائے گا۔ نامزدگی کی آخری تاریخ 17 جنوری ہوگی۔ کاغذات نامزدگی کی جانچ پڑتال 18 جنوری تک ہو گی اور 20 جنوری تک کاغذات نامزدگی واپس لیے جا سکیں گے۔
یوپی کی نو سیٹوں پر ہونے والے ضمنی انتخابات کے بعد ایک بار پھر سماج وادی پارٹی اور بھارتیہ جنتا پارٹی کے درمیان سخت مقابلہ ہوگا۔ ملکی پور سیٹ پہلے ایس پی کے پاس تھی، اس سیٹ سے ایس پی کے اودھیش پرساد ایم ایل اے تھے۔ یہ نشست فیض آباد سے ایم پی بننے کے بعد خالی ہوئی تھی۔ جس کے بعد اب اس سیٹ پر الیکشن ہو رہے ہیں۔
الیکشن کمیشن نے انتخابات کے دوران شفافیت اور منصفانہ عمل کو یقینی بنانے کے لیے تمام تیاریاں مکمل کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔ انتخابی ضابطہ اخلاق فوری طور پر نافذ ہو چکا ہے، جس کے تحت سرکاری اسکیموں کے اعلانات اور دیگر ترقیاتی کاموں پر پابندی عائد کر دی گئی ہے۔ چیف الیکشن کمشنر نے عوام سے اپیل کی کہ وہ جمہوریت کو مضبوط بنانے کے لیے اپنے حق رائے دہی کا استعمال کریں۔
دہلی کے پچھلے دو اسمبلی انتخابات میں عام آدمی پارٹی نے شاندار کارکردگی دکھائی۔ 2015 میں 67 نشستیں جیت کر حکومت بنائی، جو دہلی کی تاریخ میں سب سے بڑی کامیابی تھی۔ 2020 میں پارٹی نے 62 سیٹوں پر کامیابی حاصل کی۔ بی جے پی کو 8 نشستیں ملیں، جبکہ کانگریس پچھلے دو انتخابات میں ایک بھی نشست نہیں جیت سکی۔
بی جے پی، عام آدمی پارٹی اور کانگریس نے انتخابات کے لیے پوری طاقت لگا دی ہے۔ پچھلے پانچ دنوں میں وزیر اعظم مودی نے دو بڑی ریلیاں کی ہیں اور دہلی والوں کو بڑی تحفے دیے ہیں۔ ۔ عام آدمی پارٹی بھی اپنے اقتدار کو برقرار رکنے کی تک دو میں لگی ہوئی ہے، جبکہ عوام کا ایک بڑا حصہ کانگریس کو اپنی حمایت دے رہا ہے، جس سے مقابلہ دلچسپ ہو گیا ہے۔