دہلی میں اسرائیلی سفارت خانے کے قریب دھماکے کے بعد امت شاہ نے مغربی بنگال کا دورہ منسوخ کیا
نئی دہلی، جنوری 30: اے این آئی کے مطابق مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ نے جمعہ کے روز انتخابی مقاصد سے کیا جانے والا مغربی بنگال کا اپنا دورہ آج منسوخ کردیا۔ نامعلوم عہدیداروں نے این ڈی ٹی وی کو بتایا کہ وزیر جمعہ کی شام دہلی میں اسرائیلی سفارت خانے کے قریب ہونے والے دھماکے کے بارے میں اجلاس کریں گے۔
وسطی دہلی کے اے پی جے عبد الکلام روڈ پر جمعہ کےروز شام 5.05 بجے ایک کم شدت والا دیسی بم کا دھماکا ہوا۔ دھماکے میں کوئی زخمی نہیں ہوا۔ دھماکے کے بعد ملک کے تمام ہوائی اڈوں اور سرکاری عمارتوں پر الرٹ جاری کیا گیا۔
یہ دھماکہ وجے چوک سے 2 کلومیٹر سے بھی کم فاصلے پر ہوا جہاں وزیر اعظم نریندر مودی، صدر رام ناتھ کووند اور دیگر اعلی رہنما ایک تقریب کے لیے موجود تھے۔
دی ہندو کی خبر کے مطابق کچھ عہدیداروں نے بتایا کہ شاہ دہلی کی سرحدوں پر کسانوں کے احتجاج سے متعلق پیش رفتوں کو بھی دیکھ رہے ہیں۔ کسانوں کی یوم جمہوریہ ٹریکٹر ریلی میں تشدد کے بعد احتجاجی مقامات پر صورت حال کشیدہ ہوگئی ہے۔
کسانوں کے احتجاج کے مرکز سنگھو بارڈر پر جمعہ کے روز قریب 200 افراد کے ایک گروپ نے مظاہرین پر حملہ کیا اور ان کے خیموں کو توڑ دیا۔ انھوں نے مقامی رہائشی ہونے کا دعوی کیا لیکن کچھ فیکٹ فائنڈنگ رپورٹس میں ان میں کچھ بی جے پی ممبران بھی دیکھے گئے۔
شاہ کو اپریل مئی میں ہونے والے اسمبلی انتخابات کے لیے بھارتیہ جنتا پارٹی کی مہم کے تحت مغربی بنگال میں متعدد پروگراموں میں شرکت کرنا تھا۔
دی ٹیلی گراف کی خبر کے مطابق بی جے پی نے شمالی 24 پرگنہ ضلع کے ٹھاکر نگر قصبے میں بھی ایک بہت بڑی ریلی کا منصوبہ بنایا تھا۔ اس جگہ کو متووا برادری کا مضبوط گڑھ سمجھا جاتا ہے، جو شہریت ترمیمی قانون کے نفاذ میں تاخیر کو لےکر پریشان ہے۔