دہلی فسادات کی کوریج کی وجہ سے معطل کیے جانے والے ایشیانیٹ اور میڈیا ون نیوز چینل کی نشریات شروع

ایشیانیٹ اور میڈیا ون چینلز جن پر کل بروز جمعہ I&B وزارت نے دہلی تشدد کے معاملے میں اشتعال انگیز بے خبر احاطہ کرنے کے الزامات کےتحت 48 گھنٹوں کے لیے پابندی عائد کردی تھی، وہ دوبارہ نشر ہوگئے۔

نئی دہلی، مارچ 07— صحافیوں، میڈیا اداروں اور سیاست دانوں کی شدید مذمت کا سامنا کرنے کے بعد مرکزی حکومت کی وزارت اطلاعات و نشریات (آئی اینڈ بی) نے ہفتہ کی صبح دو ملیالم نیوز چینلز ایشیانیٹ اور میڈیا ون پر دہلی تشدد کی ’متعصبانہ‘ کوریج اور اور ’’آر ایس ایس اور دہلی پولیس‘‘ کی تنقید کرنے کی وجہ سے لگائی گئی 48 گھنٹے کی پابندی ختم کردی۔

جمعہ کے دن 7:30 بجے شام سے حکومت نے چینلز کو نشر ہونے سے رکنے پر مجبور کردیا تھا اور یہ اتوار کے دن شام 7:30 بجے تک جاری رہنا تھا۔ تاہم ہفتے کے روز صبح 9:30 بجے کے قریب حکومت نے یہ پابندی ختم کردی۔

جمعہ کی شام میڈیا ون کے لیے اپنے پابندی کے آرڈر میں آئی اینڈ بی کی وزارت نے کہا تھا: ’’ایسا معلوم ہوا ہے کہ شمال مشرقی دہلی میں تشدد سے متعلق اطلاعات کو اس انداز میں دکھایا گیا ہے جس نے عبادت گاہوں پر حملے اور ایک خاص برادری کی طرف داری کو اجاگر کیا ہے۔ چینل کی دہلی پر تشدد سے متعلق رپورٹنگ متعصبانہ معلوم ہوتی ہے کیوں کہ وہ جان بوجھ کر CAA کے حامیوں کی توڑ پھوڑ پر توجہ دے رہی ہے۔ اس نے آر ایس ایس پر بھی سوال اٹھایا ہے اور دہلی پولیس پر عدم فعالیت کا الزام عائد کیا ہے۔ ایسا لگتا ہے کہ چینل دہلی پولیس اور آر ایس ایس کے لیے بہت تنقیدی ہے۔‘‘

وزارت نے میڈیا ون اور ایشیانیٹ دونوں پر ’’عبادت گاہوں پر حملے کو اجاگر کرنے‘‘ اور ’’کسی خاص برادری کی طرف رخ کرنے‘‘ کا الزام بھی عائد کیا تھا۔

صحافیوں اور سیاستدانوں سمیت بہت سے لوگوں نے ٹی وی چینلز کے لیے مرکزی حکومت کے اس آرڈر پر سخت تنقید کی تھی۔