دہلی :سیلاب متاثرین کی مدد کے لئے  وژن 2026 نے بڑھائے قدم،کھانا اور ضروری اشیا کی تقسیم

نئی دہلی،14جولائی۔

ملک کی راجدھانی دہلی ان دنوں سیلاب سے دو چار ہے ،دریائے جمنا کی آبی سطح میں ہوئے بے تحاشا اضافے نے دہلی و این سی آرمیں سیلاب کی صورت حال پیدا کردی ہے۔ جمنا کی آبی سطح نے پچھلے 48 سال کا ریکارڈ توڑ دیا ہے ۔جس کی وجہ سے جمنا کے کنارے آباد کچی بستیوں اور نشیبی علاقوں میں پانی بھر جانے کی وجہ سے لوگوں کو سخت دشواریوں اور پریشانیوں کا سامنا ہے ۔

جمنا کے کنارےواقع وشوکرما کالونی جیت پورواطراف میں عام زندگی بری طرح متاثر ہوئی ہے۔ جمنا کی آبی سطح خطرے کا نشان پارکر چکی۔سیلاب سے متاثرہ لوگوں کی فوری مدد کے لیے این ڈی آر ایف کی ٹیمیں موقع پر پہونچ چکی ہیں ، سماجی تنظیمیں بھی راحت پہنچانے میں سرگرم ہیں۔ سماجی تنظیم وژن2026 نے بھی متاثرین کے لئے مدد کا ہاتھ بڑھایا ہے ۔وژن 2026 کے سی ای او پی کے نوفل نے بتایا کہ ” وژن 2026 کی ایک ٹیم ہیلتھ مینجرڈاکٹرعارف ندوی کی قیادت میں جیت پورایکسٹینشن پرعارضی کیمپوں کا دورہ کیا، وژن 2026 کے تحت کام کرنے والی تنظیم آئیڈیل ریلیف ٹرسٹ نے متاثرین کے درمیان 800 کھانے کے پیکیٹ اور پانی کی بوتلیں تقسیم کیں۔ مزیدعارضی کیمپوں کے قیام کے لیے ایس بی ایف کی ٹیم حالات کا سروے کررہی ہے اورالشفا ہاسپٹل کوبھی اپنی موبائل میڈیکل وین کو موقع پر طبی خدمات کے لیے ہدایت دے دی گئی ہے۔

سیلاب کی صورت حال سے نمٹنے کے لیے سینٹرل واٹر کمیشن نے الرٹ جاری کر دیا ہے جس کے پیش نظر پانی میں پھنسے ہوئے لوگوں کو سرکاری ایجنسیاں نکالنے کا کام کر رہی ہیں۔ جیت پور میں قائم ادارہ دعوت الحق نے اپنے بیسمینٹ کو متاثرین اور این ڈی آر ایف کے لیے کھول دیا ہے۔ڈاکٹرعارف ندوی نے بتایا کہ موقع پرموجود پولیس افسران نے ہماری امداد کی پیشکش کا خیر مقدم کیا ہے اور لوگوں سے اپیل کی ہے جو افراد یا تنظیمیں اس مشکل وقت میں کام کر سکتے ہیں آگے آئیں۔یقینااس مشکل گھڑی میں متاثرین کی مدد ہی سب کی اولین ترجیح ہونی چاہئے تاکہ لوگوں کو بچا کر محفوظ مقامات پر پہنچایا جا سکے اوران کی مشکلات کو دور کیا جائے۔