دہلی ایکسائز پالیسی : سی بی آئی نے چارج شیٹ میں کیجریوال کو بنایا ملزم
نئی دہلی ،29 جولائی :۔
سینٹرل بیورو آف انویسٹی گیشن (سی بی آئی) نے آج دہلی کے وزیر اعلی اروند کیجریوال اور دیگر ملزمین کے خلاف مبینہ شراب گھوٹالہ سے متعلق بدعنوانی کے معاملے میں ایک خصوصی عدالت میں چارج شیٹ داخل کی۔ اس چارج شیٹ میں سی بی آئی نے کیجریوال کو ملزم بنایا ہے۔ سی بی آئی نے یہ چارج شیٹ ایسے وقت میں داخل کی ہے جب دہلی ہائی کورٹ میں کیجریوال کی ضمانت کی درخواست پر سماعت ہونے والی ہے۔
انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ (ای ڈی) نے منی لانڈرنگ کیس میں پہلے ہی چارج شیٹ داخل کی ہے، جس میں عام آدمی پارٹی اور اس کے قومی کنوینر اروند کیجریوال کو ملزم نامزد کیا گیا ہے۔ چارج شیٹ میں کیجریوال کو شراب گھوٹالہ کے اہم سازشیوں میں سے ایک کے طور پر بتایا گیا ہے۔ الزام ہے کہ عام آدمی پارٹی نے 100 کروڑ روپے کی رشوت لی تھی۔
اس سے قبل 12 جولائی کو سپریم کورٹ نے ای ڈی معاملے میں وزیر اعلیٰ کیجریوال کو عبوری ضمانت پر رہا کرنے کا حکم دیا تھا۔ حالانکہ وہ جیل سے باہر نہیں آسکے کیونکہ وہ سی بی آئی کے تحت بھی گرفتار تھے۔ حال ہی میں دہلی کی ایک عدالت نے مبینہ شراب گھوٹالے میں وزیر اعلیٰ کیجریوال کی عدالتی تحویل میں 8 اگست تک توسیع کی تھی۔