دہلی: ایس آئی او کی جانب سے طلبہ مدارس کے لیے دو روزہ ورکشاپ کا انعقاد
اسٹوڈ نٹس اسلامک آرگنائزیشن آف انڈیا نے طلبہ مدارس کے لیے دو روزہ ورکشاپ بعنوان "تفقہوا قبل ان تسودوا” منعقد کیا۔ یہ ورکشاپ 03 اور 04 اکتوبر 2019 کو انڈین انسٹی ٹیوٹ آف اسلامک اسٹڈیز، نئی دہلی کے افضل حسین ہال میں منعقد کیا گیا۔ اس میں ملک کے مختلف دینی تعلیمی اداروں میں زیر تعلیم 50 طلبہ نے شرکت کی۔
ورکشاپ کا آغاز معروف اسلامی دانشوَر، مترجم قرآن ہندی، مولانا فاروق خان کے فکر انگیز درس قرآن سے ہوا۔ آپ نے سورہ الاعلی کا درس دیا۔ درس قرآن کے بعد باہمی تعارف کے لیے وقت مختص تھا۔ اس میں ورکشاپ کے شرکاء ایک دوسرے سے متعارف ہوئے۔ برادر ابو طلحہ ابدال (سکریٹری، ایس آئی او آف انڈیا) نے افتتاحی کلمات پیش کیے۔ آپ نے اس ورکشاپ کی غرض و غایت پر روشنی ڈالی نیز تمام شرکاء کا استقبال کیا۔ ورکشاپ کے کلیدی عنوان ” تفقہوا قبل ان تسودوا” پر برادر سید اظہر علی (جنرل سکریٹری، ایس آئی او آف انڈیا) نے سامعین سے خطاب کیا۔
اس ورکشاپ میں ملک کے معروف علماء اور دانشوَر حضرات نے مختلف اہم موضوعات کے تحت شرکاء سے خطاب کیا۔ مولانا مہدی حسن عینی قاسمی نے ‘نظریاتی جنگ اور اسلام’ موضوع کے تحت گفتگو کی۔ اس کے بعد ایک بُک ٹاک کا پروگرام تھا جس کے تحت ‘جی چاہتا ہے نقش قدم چومتے چلیں’ کتاب پر مصنف خان یاسر نے گفتگو کی۔ آپ نے ان شخصیات کا مختصر تعارف پیش کیا جن کی زندگیوں میں طلبہ اور نوجوانوں کے لیے بڑے سبق موجود ہیں۔
جناب اقبال ملا (سکریٹری، شعبہ دعوت، جماعت اسلامی ہند) نے ‘ ہندوستانی تکثیری سماج میں دعوت دین کی اہمیت’، مولانا محی الدین غازی (سکریٹری، تصنیفی اکیڈمی، جماعت اسلامی ہند) نے ‘مسائل میں اختلاف، رویہ میں اعتدال’، ڈاکٹر رضی الاسلام ندوی ( سابق سکریٹری، تصنیفی اکیڈمی، جماعت اسلامی ہند) نے ‘علماء کے لیے جدید علوم سے واقفیت کیوں ضروری ہے؟’ اور برادر فواز شاہین (سکریٹری، ایس آئی او آف انڈیا) نے ‘قانونی بیداری کی اہمیت’ موضوع پر اظہار خیال کیا۔
ورکشاپ کا آخری سیشن ایک اوپن سیشن تھا۔ جس میں شرکاء کے لیے مختلف امور پر سوال کرنے کا موقع تھا۔ اس سیشن میں شرکاء نے اس اہم ورکشاپ کے انعقاد پر اپنے تاثرات کا اظہار بھی کیا۔ آخر میں کلیدی خطاب کے طور پر برادر لبید شافی ( صدر تنظیم، ایس آئی او آف انڈٰیا ) نے شرکاء سے خطاب کیا۔