دہلی : اماموں کے احتجاج کے درمیان پجاریو ں کو ہر ماہ 18 ہزار روپے دینے کا وعدہ
کیجریوال نے دہلی میں انتخاب سے پہلے ایک اور وعدہ کیا،پجاری گرنتھی سمان یوجنا کا اعلان
نئی دہلی ،30 دسمبر :۔
دہلی میں انتخابات کی آمد آمد ہے۔ تمام پارٹیوں کی جانب سے انتخابی تیاریوں کا سلسلہ جاری ہے۔ دریں اثنا کیجریوال نے مہیلا سمان یوجنا اور سنجیونی یوجنا کے بعد دہلی والوں سے ایک اور وعدہ کیا ہے۔کیجریوال نے آج پجاری گرنتھی سمان یوجنا کا اعلان کیا ہے۔ اس اسکیم کے تحت دہلی کے پجاریوں اور گرنتھیوں کو ہر ماہ 18 ہزار روپے کی رقم دی جائے گی۔ اس اسکیم کے لیے رجسٹریشن منگل سے شروع ہوگی۔واضح رہے کہ حالیہ دنوں میں ہی دہلی کے وقف بورڈ کے تحت رجسٹرڈ اماموں اور موذنین نے گزشتہ کئی مہینوں سے تنخواہ کی عدم ادائیگی کے تحت مظاہرہ کیا تھا اور اماموں کی تنخواہیں ادا کرنے کا مطالبہ کیا تھا ۔ اس دوران مظاہرین کیجریوال سے ملاقات کرنا چاہتے تھے لیکن پولیس نے انہیں روک دیا۔
اماموں اور موذنین کے مظاہرے کے درمیان کیجریوال نے پجاریوں کو بھی ہر ماہ تنخواہ دینے کا وعدہ کیا ہے جس سے سوال اٹھ رہے ہیں کہ اماموں کو تنخواہ دینے کیلئے پیسے نہیں ہیں پھر بھی اب پجاریوں کو بھی پیسے دینے کا وعدہ کیا معنیٰ رکھتا ہے۔کیجریوال کا یہ وعدہ انتخابی وعدہ کی حیثیت کے طور پر دیکھا جا رہا ہے۔
کیجریوال کا کہنا ہے کہ دہلی میں اقتدار کی واپسی کے ساتھ ہی یہ منصوبہ لاگو کیا جائے گا۔ اس سے قبل عام آدمی پارٹی نے ‘مہیلا سمان یوجنا’ کا اعلان کیا تھا، جس میں خواتین کو 2100 روپے دینے کا اعلان کیا گیا تھا۔
اروند کیجریوال نے ایک پریس کانفرنس کے دوران کہا، ‘دہلی کے مندروں اور گرودواروں میں خدمات انجام دینے والے تمام پجاریوں اور گرنتھیوں کے اعزاز میں آج ایک اہم اسکیم کا اعلان کیا جا رہا ہے۔ ان سبھی کو عام آدمی پارٹی کی طرف سے اعزازیہ دیا جائے گا۔ ہماری حکومت کے اقتدار میں آتے ہی ‘پجاری گرنتھی سمان یوجنا’ شروع ہو جائے گی۔ ملک میں پہلی بار ایسا ہو رہا ہے۔ کسی پارٹی یا حکومت نے ایسا نہیں کیا۔ مجھے امید ہے کہ بی جے پی اور کانگریس پارٹیاں بھی اپنی ریاستوں میں پجاریوں اور گرنتھیوں کے لیے ایسی اسکیم شروع کریں گی۔
بی جے پی پر حملہ کرتے ہوئے کیجریوال نے کہا، ‘میں ہاتھ جوڑ کر بی جے پی سے درخواست کرتا ہوں کہ اس نے ہماری مہیلا سمان یوجنا اور سنجیوانی یوجنا کو روکنے کی کوشش کی۔ کم از کم پجاریوں اور گرنتھیوں کے لیے شروع کی جانے والی اس اسکیم کو روکنے کی کوشش نہ کریں۔