دو سال کی سزا کے خلاف راہل گاندھی کی عرضی پر پیر کو سورت سیشن کورٹ میں سماعت
نئی دہلی ،02 اپریل:۔
مودی سر نیم تنازعہ معاملے میں دو سال کی سزا کے خلاف کانگریس رہنما راہل گاندھی کی عرضی پر سورت سیشن کورٹ پیر(تین اپریل) کو سماعت کرے گا ۔ ذرائع کے مطابق راہل گاندھی نے اپنی عرضی میں سیشن عدالت سے ہتک عزت معاملے میں انہیں قصور وار ٹھہرانے والے مجسٹریٹ کے حکم کو رد کرنے کی مانگ کی ہے ۔ راہل گاندھی کو پچھلے ماہ 2019 کے ایک معاملے میں دو سال کی سزا سنائی گئی تھی۔ انہیں مودی سر نیم پر تبصرہ پر مجرمانہ ہتک عزت معاملے میں قصور وار ٹھہرایا گیا تھا۔
راہل گاندھی کو دو سال کی سزا کے بعد پارلیمنٹ کی رکنیت سے نا اہل قرار دیا گیا تھا۔ حالانکہ انہیں ضمانت دے دی گئی تھی اور تیس دنوں کے لئے سزا کو موخر کر دیا گیا ۔ اس دوران کانگریس رہنما سزا کے خلاف اپیل کر سکتے ہیں ۔ وہیں سزا کے فوری بعد لوک سبھا نے راہل گاندھی کی رکنیت رد کر دی تھی۔
وہیں الیکشن کمیشن نے 29 مارچ کو چار اسمبلی حلقوں اور ایک پارلیمانی حلقے میں ضمنی الیکشن کی تاریخوں کا اعلان کیا لیکن وائناڈ سیٹ کے لئے کوئی اعلان نہیں کیا گیا ۔ چیف الیکشن کمشنر راجیو کمار نے ایک پریس کانفرنس میں کہا کہ سیٹ خالی ہونے کے بعد الیکشن کی تاریخ کا اعلان کرنے کے لئے چھ ماہ کی مدت ہوتی ہے ۔ ٹرائل کورٹ نے راہل گاندھی کو تیس دنوں کا وقت دیا ہے کوئی جلدی نہیں ہے ۔ راجیو کمار نے کہا تھا کہ قانون یہ بھی کہتا ہے کہ اگر مدت ایک سال سے کم باقی ہوتی ہو تو الیکشن نہیں ہوگا ۔حالانکہ وائناڈ کے لئے مدت ایک سال سے زیادہ ہے۔
واضح رہے کہ راہل گاندھی نے کہا تھا کہ نیرو مودی ،میہول چوکسی ،وجے مالیا ،انل امبانی اور نیرو مودی چوروں کا گروپ ہے۔ آپ کی جیب سے پیسے لیتے ہیں ،کسانوں،چھوٹے دکانداروں سے پیسا چھینتے ہیں اور انہیں 15 لوگوں کو پیسا دیتے ہیں۔ آپ کو لائن میں کھڑا کرتے ہیں ۔ بینک میں پیسہ ڈلواتے ہیں اور یہ پیسا نیرو مودی لے کر چلا جاتا ہے ۔ ان سب چوروں کے نام مودی مودی مودی کیستے ہیں؟ نیرو مودی،للت مودی،نریندر مودی، اور بھی تلاش کریں گے تو اور مودی نکلیں گے۔