دوران پروازساتھی مسافر پر پیشاب کرنے کی شکایت ،ملزم حراست میں
نیو یارک سے نئی دہلی کی امریکن ایئر لائنز کی پرواز میں نشے کی حالت میں مسافر نے ساتھی مسافر پر پیشاب کر دیا، ایئر لائن نے سفر کرنے پر پابندی عائد کر دی
نئی دہلی ،05مارچ :۔
نیویارک سے نئی دہلی جانے والی امریکن ایئرلائنز کی پرواز میں ایک مسافر آریہ ووہرا نے مبینہ طور پر نشے کی حالت میں اپنے ساتھی مسافر پر پیشاب کر دیا۔ ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق یہ واقعہ مبینہ طور پر فلائٹ نمبر اے اے 292 میں پیش آیا۔ اطلاع کے مطابق طیارے نے جمعہ کی رات 9:16 بجے نیویارک سے پرواز بھری اور 14 گھنٹے 26 منٹ بعد ہفتہ کی دوپہر 10:12 بجے قومی دارالحکومت دہلی کے اندرا گاندھی بین الاقوامی ہوائی اڈے پر اترا۔
اطلاع کے مطابق دہلی پولیس نے کہا بتایا کہ ہمیں ایک امریکی ایئر لائن سے ایک شخص کے خلاف پیشاب کرنے کی شکایت ملی ہے، جو امریکہ میں زیر تعلیم ہے۔ وہ ڈیفنس کالونی، دہلی کا رہنے والا ہے۔ ہم ضروری قانونی کارروائی کر رہے ہیں۔ دریں اثنا ایئر لائن نے طالب علم پر تاحیات سفر کرنے پر پابندی عائد کر دی ہے۔ خبر رساں ایجنسی کے مطابق “ملزم امریکی یونیورسٹی کا طالب علم ہے۔ وہ نشے کی حالت میں تھا اور سوتے ہوئے پیشاب کررہا تھا۔متاثرہ مسافر نے عملے سے شکایت کی۔
طالب علم کے معافی مانگنے کے بعد، متاثرہ شخص اس معاملے کی پولیس کو رپورٹ نہیں کر رہا تھا کیونکہ اس سے ملزم کا کیریئر خطرے میں پڑ سکتا تھا۔ اس کے باوجود ایئر لائن عملے نے پائلٹ کو اس کی اطلاع دی اور پائلٹ نے آئی جی آئی ایئرپورٹ پر ایئر ٹریفک کنٹرول (اے ٹی سی) کومعاملے کی اطلاع دی۔اطلاع کے مطابق اس واقعہ کے منظر عام پر آنے کے بعد سی آئی ایس ایف کے ساتھ ساتھ ایئر لائن کی اپنی سیکورٹی ٹیم بھی حرکت میں آگئی۔ فلائٹ کے اترتے ہی ملزم کو فوری طور پر حراست میں لے لیا گیا۔ پولیس متعلقہ افراد کے بیانات ریکارڈ کر رہی ہے۔
خیال رہے کہ سول ایوی ایشن کے قوانین کے مطابق، اگر کوئی مسافر مجرمانہ رویے کے علاوہ غیر اخلاقی رویے کا مرتکب ہوتا ہے، تو اس پر ایک مخصوص مدت کے لیے پرواز میں سفر کرنے پر پابندی لگائی جا سکتی ہے۔ حالیہ مہینوں میں نشے میں دھت مسافر کے دوسرے مسافر پر پیشاب کرنے کا یہ دوسرا معاملہ سامنے آیا ہے۔ تقریباً ایسا ہی ایک واقعہ 26 نومبر کو نیویارک سے دہلی جانے والی ایئر انڈیا کی پرواز میں پیش آیاتھا، جب شنکر مشرا نامی شخص نے نشے کی حالت میں ایک بزرگ خاتون پر پیشاب کر دیاتھا۔