دوارکا ایکسپریس کی تعمیر ی لاگت18کروڑ فی کلو میٹر سے251کروڑ فی کلو میٹر تخمینہ لاگت پر سوشل میڈیا پر طنز
متعدد صارفین نے اس سڑک کی تعمیر کا موازنہ دو ہزار روپے کےمبینہ چپ سے موازنہ کیا
نئی دہلی،18اگست :۔
سی اے جی کے حالیہ رپورٹ کے منظر عام پر آنے کے بعد جہاں ایک طرف کانگریس مودی سرکار پر بد عنوانیوں کو لے کر حملہ آور ہے وہیں سی اے جی کی رپورٹ میں ایسی مضحکہ خیز بد عنوانی کا بھی انکشاف ہوا ہے جس پر سوشل میڈیا پر طنز و تنقیدی تبصروں کا ایک سلسلہ شروع کر دیا ہے ۔
کانگریس کی ترجمان شپریا سینیٹ نے کہا کہ ’’سی اے جی نے مودی حکومت کے سات بڑے گھوٹالوں کا پردہ فاش کیا ہے۔ وزیر اعظم کی ناک کے نیچے دھاندلی ہو رہی ہے۔ جس جھوٹی ایماندار شبیہ کا وزیر اعظم دَم بھرتے تھے اس سے اب پردہ اٹھ چکا ہے۔‘‘ انھوں نے کہا کہ سی اے جی کے ذریعہ 7 گھوٹالوں کا پردہ فاش ہونے سے مودی حکومت کی بدعنوانی کا سچ دھیرے دھیرے ملک کے سامنے آ رہا ہے۔ وزیر اعظم مودی اپنی ناک کے نیچے ہو رہے گھوٹالوں پر خاموشی توڑیں اور ان گھوٹالوں کو انجام دینے والے بدعنوانوں کے خلاف کارروائی کریں۔
کانگریس نے سی اے جی رپورٹ میں جن سات بڑے بد عنوانیوں کا ذکر کیا ہے ان میں دوارکا ایکسپریس وے کی تعمیر میں ہوئی دھاندلی بھی شامل ہے جس کی تخمینہ لاگت میں اچانک سو گنا سے زیادہ اضافہ کر دیا گیا ہے ۔رپورٹ کے مطابق سڑک تعمیر کی قیمت 18 کروڑ روپے فی کلو میٹر سے اب 250 کروڑ روپے فی کلو میٹر ہو گیا ہے ۔تخمینہ لگات میں اس بڑے پیمانے پر اضافہ پر سوشل میڈیا پر خوب بحث جاری ہے ۔اس پر متعدد صارفین الگ الگ طریقے سے طنز اور تنقید کر رہے ہیں ۔دوارکا ایکسپریس وے کی تعمیر اتی لاگت میں اضافے کو دو ہزار روپے کے نوٹ میں نینو چپ سے موازنہ کیا جا رہا ہے ۔اس سلسلے میں معروف صحافی شیام میرا سنگھ نے ایک ویڈیو سوشل میڈیا پر شیئر کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ ملک کی پہلی سونے کی سڑک ہے جسے 250کروڑ روپے فی کلو میٹر سے مودی حکومت تیار کر رہی ہے ۔اس سڑک میں سونے ہیرے جواہرات کا استعمال ہوا ہے ۔انہوں نے لکھا کہ
وہ بیش قیمتی دوارکا ایکسپریس وے جس میں سڑک بنانے کی منظوری فی کلو میٹر 18 کروڑ دی گئی اور خرچہ 251 کروڑ روپے فی کلو میٹر کیا گیا ،یعنی 14 گنا،یہ 14 گنا مہنگائی کی وجہ سے بڑھے یا مودی جی کے فی کلو میٹر میں سونا ور ہیرے لگا رہے ہیں؟
اس پر ابھیشیک آنند نامی ٹوئٹر ہینڈل سے لکھا گیا کہ مسٹر شیام میرا سنگھ@SyamMeeraSingh جی تھوڑا پڑھ لکھلیا کریں۔ اس سڑک میں بیس خاص فیچر ہیں ۔
انہوں نے طنز کرتے ہوئے لکھا کہ اس پر چلنے والی الیکٹرک کاریں ،خود سے چارج ہوں گی ،میگنیٹک فلڈ بچھائی گئی ہیں ،جیسے آئی فون وائر لیس چارج ہوتے ہیں،پیٹرول کار میں بھی ایندھن کی کھپت آدھی سے کم ہوگی، حادثات سے بچنے کے لئے 13 سیفٹی فیچر ہیں ،بریک خود بخود لگ جائیں گی کاروں میں،ایمبولینس بھی خود سے آجائیں گی جس میں ڈاکٹر بھی ہوں گے ۔انہوں نے مزید لکھا کہ اس پوری سڑک پر فری وائی فائی بھی ملے گا ،وہ بھی 100جی بی پی ایس کی اسپیڈ سے۔ساتھ ہی اس سڑک پر جتنے ریسٹورینٹ ہیں وہ فری ہوں گے ۔
اس کے علاوہ متعدد صارفین نے تبصرہ کرتے ہوئے اس سڑک کی خوبیوں کو دو ہزار کے نوٹ میں لگے نینو چپ سے موازنہ کرتے ہوئے مودی حکومت پر طنز کیا ہے ۔