دنیا کی ہر حکومت اسرائیلی ظلم کی مذمت کرے:پرینکا گاندھی
نئی دہلی،27 جولائی :۔
غزہ میں جاری اسرائیلی ظلم و بربریت کے خلاف ایک بار پھر پرینکا گاندھی نے آواز بلند کی ہے۔پرینکا گاندھی نےاپنے ایکس ہینڈل پر غزہ میں جاری ظلم و بربریت کو "ناقابل قبول” اور "نسل کشی” کے طور پر بیان کرتے ہوئے "دنیا کی ہر حکومت” سے غزہ میں اسرائیل کے جاری فوجی حملے کی مذمت کرنے کا مطالبہ کیا۔
انہوں نے اپنے ٹوئٹ میں کہا کہ”اب عام شہریوں، ماؤں، باپوں، ڈاکٹروں، نرسوں، امدادی کارکنوں، صحافیوں، اساتذہ، ادیبوں، شاعروں، بزرگ شہریوں اور ان ہزاروں معصوم بچوں کے لیے آواز اٹھانا کافی نہیں ہے جو دن بہ دن برباد ہو رہے ہیں۔ "غزہ میں ہولناک نسل کشی ہو رہی ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ "یہ ہر صحیح سوچ رکھنے والے فرد کی اخلاقی ذمہ داری ہے جس میں وہ تمام اسرائیلی شہری بھی شامل ہیں جو نفرت اور تشدد پر یقین نہیں رکھتے، اور دنیا کی ہر حکومت اسرائیلی حکومت کے نسل کشی کے اقدامات کی مذمت کرے اور اسے روکنے پر مجبور کرے۔
پرینکا گاندھی نے اسرائیلی وزیر اعظم بینجمن نیتن یاہو پر بھی حملہ کیا جنہیں بدھ کے روز امریکی کانگریس کے مشترکہ ایوانوں سے خطاب کے دوران کھڑے ہو کر تالیاں بجائی گئیں جسے بہت سے لوگوں نے "تاریخی” قرار دیا ہے۔
واضح رہے کہ یہ پہلی بار نہیں ہے کہ پرینکا گاندھی نے غزہ میں اسرائیل کے اقدامات کی حمایت کرنے پر بین الاقوامی برادری کو تنقید کا نشانہ بنایا ہو۔فروری میں، کانگریس رہنما نے کہا تھاکہ انصاف، انسانیت اور بین الاقوامی ضابطوں کے تمام اصولوں کو پامال کیا گیا ہے اور بین الاقوامی برادری پر الزام لگایا تھاکہ وہ غزہ میں "نسل کشی آنکھیں بند کئے ہوئے ہے ۔