دنتے واڑہ میں نکسلیوں کا آئی ای ڈی دھماکہ، 11 فوجی شہید
دنتے واڑہ 26اپریل :۔
چھتیس گڑھ کے دنتے واڑہ میں ماؤنوازوں نے سیکورٹی فورسز پر بڑا حملہ کیا ہے۔ نکسلیوں کی طرف سے نصب آئی ای ڈی دھماکے سے 10 فوجی شہید ہو گئے۔ ساتھ ہی ایک ڈرائیور کی بھی موت ہو گئی ہے۔
بتایا جاتا ہے کہ آرن پور تھانہ علاقے میں ماؤنواز کیڈر کی موجودگی کی اطلاع پر دنتے واڑہ سے نکسل مخالف آپریشن کے لیے ڈی آر جی فورس بھیجی گئی۔ مہم کے بعد واپس آتے ہوئے، ماؤنوازوں نے آرن پور روڈ پر آئی ای ڈی کا دھماکہ کیا۔ اس حملے میں ڈی آر جی کے 10 جوان اور آپریشن میں شامل ایک ڈرائیور مارا گیا۔
دریں اثنا چھتیس گڑھ کے وزیر اعلیٰ بھوپیش بگھیل نے رد عمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ نکسلیوں کو چھوڑا نہیں جائے گا۔چھتیس گڑھ کے وزیر اعلیٰ بھوپیش بگھیل نے دنتے واڑا میں سیکورٹی اہلکاروں پر نکسلیوں کے ذریعہ کئے گئے آئی ای ڈی حملے میں گیارہ جوانوں کی جان جانے کی اطلاع پر کہا کہ ہمارے پاس ایسی اطلاع ہے ۔یہ انتہائی تکلیف دہ ہے ۔متاثرین کے کنبہ کے تئیں میری ہمدردیاں ہیں ۔ یہ لڑائی اپنے آخری مرحلے میں ہے ہم منصوبہ بند طریقے سے نکسلیوں کو ختم کریں گے ۔نکسلیوں کو بخشا نہیں جائے گا۔وزیر اعلیٰ نے ٹوئٹر پر شہید جوانون کو خراج عقید پیش کیا ۔شہید ہوئے جوانوں میں دس ڈی آر جی کے جوان اور ایک ڈرائیور ہے ۔ بلاسٹ کے بعد علاقے کو سیل کر دیا گیا ہے ۔ دنتے واڑہ سے ڈی آر جی دستے نکسل مخالف مہم کے لئے ارنپور گئے تھے ،واپسی کے دوران یہ واقعہ پیش آیا۔
دریں اثنا مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ نے چھتیس گڑھ کے وزیر اعلیٰ سے بات کر کے دنتے واڑہ ضلع کے ارنپور کے پاس نکلی حملے میں شہید ہوئے دس ڈی آر جی جوانوں کی معلومات لی ۔ انہوں نے سی ایم بگھیل کو ہر ممکن مدد کی یقین دہانی کرائی ہے۔