دلی اناج منڈی آتش زدگی: جماعت اسلامی ہند کے وفد نے زخمیوں اور مہلوکین کے لواحقین سے ملاقات کی
’’اس حادثے میں مرنے والے تمام لوگ بے حد غریب خاندانوں سے تعلق رکھتے ہیں۔ چنانچہ حکومت نے جس معاوضہ کا اعلان کیا ہے، اس رقم میں مزید اضافہ کرے: نائب صدر جماعت اسلامی
نئی دلی: (دعوت نیوز) راجدھانی دلی میں رانی جھانسی روڈ پر واقع اناج منڈی آتش زدگی معاملے میں مرنے والوں کی تعداد میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے۔ حکومت کی جانب سے اب تک 43 لوگوں کی موت کی تصدیق کی جاچکی ہے۔ دلی کے الگ الگ اسپتالوں میں کئی متاثرین زیر علاج ہیں۔
اس افسوس ناک واقعے کے بعد مہلوکین و زیر علاج متاثرین کے درد و غم میں شریک ہونے اور ان سے ہر ممکنہ تعاون کرنے کی غرض سے جماعت اسلامی ہند کے نائب صدر محمد سلیم انجینئرنے ایک وفد کے ساتھ رام منوہر لوہیا اسپتال اور لوک نائک جے پرکاش اسپتال کا دورہ کیا اور زخمیوں اور ان کے اہل خانہ سے ملاقات کی۔ جماعت کے نائب صدر نے کہا کہ اس مشکل گھڑی میں جماعت اسلامی ہند ہر طرح سے متاثرین کے ساتھ ہے۔
اس وفد میں جماعت اسلامی ہند، مرکزی دلی کے ناظم علاقہ انجینئر خلیق الزماں، نبی کریم یونٹ کے امیر مقامی حافظ مطلوب، نیز دلی حلقہ کے آفس سکریٹری حبیب اللہ فلاحی بھی موجود تھے۔
وفد نے مولانا آزاد میڈیکل کالج کے پوسٹ مارٹم گھر پہنچ کر مرنے والوں کے اہل خانہ سے بھی ملاقات کی اور ان سے اظہار تعزیت کیا۔ ملحوظ رہے کہ اس پوسٹ مارٹم گھر میں 34 افراد کی لاشیں رکھی گئی تھیں جن میں سے اب تک 12 کا پوسٹ مارٹم کرکے لاشوں کو لواحقین کے حوالے کیا جاچکا ہے۔
اس موقعے پر وفد نے دلی حکومت کے وزیر و مقامی رکن اسمبلی عمران حسین سے بھی ملاقات کی اور ان سے مطالبہ کیا کہ اس مشکل گھڑی میں متاثرین اور ان کے اہل خانہ کی ہر ممکن مدد کی جائے۔ وزیر موصوف نے تیقن دیا کہ وہ مستقل وہیں موجود ہیں اور متاثرین کی ہر طرح سے ہر مدد کے لیے حاضر ہیں۔
اس موقع پر جناب سلیم انجینئر نے کہا: ’’یہ انتہائی افسوس ناک حادثہ ہے۔ حکومت کو چاہیے کہ اس دردناک حادثے کی اعلی سطحی جانچ کرائے تاکہ مستقبل میں دوبارہ ایسے حادثے واقع نہ ہوں۔ حکومت ایسے اقدامات کرے کہ ان حادثوں کو روکا جاسکے۔ حکومت کی جو ذمہ داری ہے اسے ادا کرنا حکومت کا کام ہے۔ ‘‘
انہوں نے مزید کہا: ’’اس حادثے میں مرنے والے تمام لوگ بے حد غریب خاندانوں سے تعلق رکھتے ہیں۔ چنانچہ حکومت نے جس معاوضے کا اعلان کیا ہے، اس رقم میں مزید اضافہ کرے۔ چونکہ اس حادثےمیں ریاست بہار کے لوگ سب سے زیادہ متاثر ہوئے ہیں، اس لیے حکومت بہار کو بھی اس طرف توجہ دینی چاہیے کہ وہ بھی اپنے معاوضے کی رقم میں مزید اضافہ کرے۔ ہم سمجھتے ہیں کہ حکومت اس طرف توجہ دے گی۔‘‘
اس سے قبل، جماعت اسلامی ہند، دلی حلقے کے ایک مقامی وفد نے اتوار کے دن آگ لگنے کے فوری بعد جائے حادثہ پر پہنچ کر حالات کا جائزہ لیا تھا۔