خالد اور اس کے ساتھیوں کو مسلمان ہونے کی سزا دی جا رہی ہے
دہلی فساد کیس میں بغیر ضمانت کے پانچ سال سے جیل میں بند عمر خالد اور دیگر ملزمین کے انصاف کیلئے مراٹھی پترکار سنگھ میں عوامی میٹنگ،مقررین نے ملزمین کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کیااور جلد انصاف کی امید ظاہر کی

دعوت ویب ڈیسک
نئی دہلی ،18 ستمبر :۔
دہلی فساد کیس میں عمر خالد،شرجیل امام سمیت دیگر ملزمین گزشتہ پانچ برسوں سے جیل میں بند ہیں ۔ان کی ضمانت کی درخواستیں ملتوی پر ملتوی ہو رہی ہیں ۔ملزمین کے ساتھ عدالت کا یہ رویہ انتہائی افسوسناک اور نظام انصاف کے اصولوں کے متصادم ہے ۔حالیہ دنوں میں دہلی ہائی کورٹ سے ضمانت کی درخواست مسترد کئے جانے کے بعد سپریم کورٹ نے بھی سماعت کو ملتوی کر دیا جس نے انصاف پسندوں اور عوام کے عدلیہ پر اعتماد کو کمزور کیا ہے ۔ملک بھر میں ملزمین کے ساتھ ایکجہتی کا اظہار کیا جا رہا ہے ۔ اسی سلسلے میں ممبئی میں مراٹھی پترکار سنگھ میں ’دہلی فساد سازش کیس اور نا انصافی کے ۵؍سال ‘عنوان پرمنعقدہ عوامی میٹنگ میں مقررین نے عمر خالد اور دیگر ملزمین کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کیا اور کہاکہ ہم سب قیدوبند کی صعوبتیں جھیلنے والوں سے اظہارِیکجہتی کرتے ہیں اور سپریم کورٹ سے امید کرتے ہیں کہ انصاف ضرور دیا جائےگا ، ضمانت ہر ملزم کا حق ہے، حالانکہ انصاف میں تاخیر انصاف نہ ملنے کےمتراد ف ہے۔
اس موقع پرعمر خالد کی دوست بنوجیوتسنا لہری نے حیرت کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ’’5 برس امید ویاس میں گزر گئے لیکن امیدپوری نہیں ہوئی، آس باقی ہے۔‘‘ انہوں نے یہ بھی کہاکہ ’’ نظامِ ِانصاف کے حوالے سےکچھ ایسا طریقہ اپنایا جارہا ہے کہ عام آدمی کا اعتماد متزلزل ہوجائے مگر میں واضح کردینا چاہتی ہوں کہ خالد اور ان کےدیگر ساتھیو ں کےکیس میں میں یہ کہہ سکتی ہوں کہ نظامِ ِ انصاف پر میرا اعتماد قائم ہے اوراس اعتماد کوختم نہیں کیا جاسکتا ۔‘‘
اس موقع پر معروف فلمسازآنند پٹوردھن نے کہاکہ ’’ نا انصافی کےخلاف آواز بلند کرنا ہر ذمہ دار اورفرض شناس انسان کی ذمہ داری ہے۔ عمر خالد اوران کے ساتھ قید دیگر ملزمین کے معاملےمیں صاف نظرآتا ہے کہ کیا ہورہا ہے۔میں یہ محسوس کرتا ہوں کہ نفرت حاوی ہوتی جارہی ہے اورخالد کواس کےمسلمان ہونے کی سزا دی جارہی ہے ۔‘‘ انہوں نےیہ بھی کہاکہ’’ 5برس کا عرصہ کم نہیں ہوتا ،اس دوران ضمانت بھی نہ ملنا، آخر اس سے کیا ثابت ہوتا ہے مگرہمیں امید ہے کہ آج نہیں تو کل انصاف ملے گا اورسچائی کی جیت ہوگی ۔‘‘ ان کے علاوہ پروگرامیں دیگر اہم مقررین نے اظہار خیال کیا اور دہلی فساد کیس میں عمر خالد کے ساتھیوں کی گرفتاری کو منظم سازش قرار دیا۔ پروگرا م میں فلم اداکارہ سوارا بھاسکر ، ان کے شوہر فہد احمد نے بھی اظہار خیال کیا۔