حیدر آباد میں رام نومی کے جلوس میں گوڈسے کی تصویر ،مسلمانوں کے خلا ف اشتعال انگیزی

حیدر آباد،31 مارچ:۔

ملک بھرمیں اقلیتوں خاص طور پر مسلمانوں کے خلاف اشتعال انگیز بیانات کا سلسلہ جاری ہے ،گزشتہ روز جمعرات 30 مارچ کو رام نومی کے دن شوبھا یاترا کے دوران حیدر آباد میں بھگوا جھنڈوں کے ساتھ بابائے قوم مہاتما گاندھی کے قاتل ناتھو رام گوڈسے کی تصویر بھی نمایاں طور پر نظر آئی ۔سیکڑوں کی تعداد میں ہندونوجوانوں نے مسلمانوں کے خلاف سر عام نعرے بازی کی ۔رپورٹ کے مطابق رام نومی کا یہ یاترا بی جے پی کے معطل ایم ایل اے ٹی راجہ سنگھ کی قیادت میں نکالی گئی جس میں کھلے عام مسلمانوں کے خلاف نفرت انگیز تقریریں کی گئیں۔
شوبھایاتراکے ‘چندشرکا کو جن کے ہاتھوں میں زعفرانی پرچم تھے‘گوڈسے کی تصویرکے ساتھ نغموں پر رقص کرتے ہوئے دیکھا گیا۔ اس یاترا میں سینکڑوں افراد شریک تھے ۔اس یاترا کا آغازسیتارام باغ کی ایک مندر سے ہوااوریہ یاتراگوشہ محل علاقہ کے مختلف مقامات سے گزری۔شوبھا یاترا کے پر امن انصرام کیلئے پولیس نے بڑے پیمانے پر سیکوریٹی انتظامات کئے۔ جلوس کے گزرنے والے راستوں پر سینکڑوں پولیس جوانوں کو تعینات کیاگیاتھا۔اس کے علاوہ سی سی ٹی وی کیمروں اور ڈرونس کے ذریعہ جلوس پر نظررکھی گئی۔پولیس کمشنرسی وی آنند‘انٹگر یٹیڈ کمانڈاینڈکنٹرول سنٹر سے جلوس پر نظر رکھے ہوئے تھے۔مسلمانوں کے خلاف اشتعال انگیز بیانات کے باوجود یاتر پر امن طریقے سے اختتام پزیر ہوئی۔

Ram Navami Juloos

اس موقع پر ٹی راجہ سنگھ نے کہا کہ بھارت کے ہندو راشٹر بننے پر ہم دو ہمارے دو والوں کو ہی ووٹ کا حق ہو گا ،ہم پانچ اور ہمارے پچاس والوں کو ووٹ کا حق نہیں ہوگا ۔انہوں نے جلوس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہم جلد بھارت کو ہند وراشٹر بنائیں گے اور ہمائے آئین کے پہلے پیج پر اکھنڈ ہند وراشٹر کی تصویر ہوگی ۔ہندو راشٹر میں گو ٔ کشی نہیں ہوگی ،لو جہاد نہیں ہوگا،تبدیلی مذہب بھی نہیں ہوگا جو ایسا کرے گا اسے بھارت سے باہر بھیج دیا جائے گا۔اس موقع پر انہوں نے کہا کہ جیسے الہ آباد کو پریاگ راج ،اورنگ آباد کو سمبھاجی نگر ایسے ہی آنے والے وقت میں حیدر آباد بھی بھاگیہ نگر بنے گا۔
واضح رہے کہ مسلمانوں کے خلاف اشتعال انگیز بیان دینے پر گزشتہ روز 30 مارچ کو ہی ٹی راجہ سنگھ کے خلاف مہاراشٹر میں کیس درج ہوا ہے ۔ ممبئی پولیس نے ٹی راجہ سنگھ کے خلاف تقریباً دو ماہ قبل ہوئی ممبئی کی ریلی میں اشتعال انگیز بیان دینے کے لئے ہیٹ اسپیچ کا کیس درج کیا ہے ۔ ٹی راجہ سنگھ نے 29 جنوری کو ممبئی میں منعقد سکل ہندو سماج ریلی میں شامل ہو کر مسلمانوں کے خلاف ہندوؤں کو اکسانے والی تقریر کی تھی۔