حیدر آباد میں اندوہناک حادثہ، گلزار ہاؤس میں شدید آتشزدگی میں 17 افراد کی موت، درجنوں زخمی

نئی دہلی ،18 مئی :۔

تلنگانہ کی راجدھانی حیدر آباد میں آج تاریخی عمار ت چار مینار کے قریب ایک عمارت میں آتشزدگی کا اندوہناک واقعہ پیش آیا جس میں 17 سے زائد افراد کی ہلاکت کی اطلاعات ہیں ۔ رپورٹ کے مطابق  حیدر آباد میں چار مینار علاقے میں گلزار ہاؤس کے پاس ایک عمارت میں شدید آگ لگ گئی۔ اس واقعہ میں جھلسنے سے 17 لوگوں کی موت ہو گئی جبکہ درجنوں زخمی ہو گئے۔ واقعہ کی اطلاع ملتے ہی موقع پر پہنچی پولیس اور فائر بریگیڈ کی ٹیم نے راحت و بچاؤ کام شروع کر دیا  ۔ آتشزدگی کا یہ واقعہ اتوار کی صبح قریب 5 سے 6 بجے کے بیچ پیش آیا۔

خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے کہ عمارت میں لگے اے سی میں شارٹ سرکٹ کی وجہ سے آگ لگ گئی۔  فائر بریگیڈ کے مطابق کافی مشقت کے بعد آگ پر قابو پایا جا سکا۔ گھنٹوں کی مشقت کے باوجودد  آگ کی زد میں آکر 17 لوگوں کی جان چلی گئی۔

فائر بریگیڈ کے اہلکاروں نے بتایا کہ حادثہ کے وقت 4 کنبوں کے درجنوں لوگ وہاں پھنسے ہوئے تھے۔ جن میں سے کئی لوگوں کو باہر نکالا گیا۔ ان میں تین بچوں سمیت 14 لوگ شامل ہیں۔ یہ سبھی بُری طرح جھلسے ہوئے تھے۔ انہیں اسپتال میں داخل کرایا گیا جہاں ان کی حالت سنگین بتائی جا رہی ہے۔ مقامی لوگوں کے مطابق اس عمارت میں 30 سے زیادہ لوگ رہ رہے تھے۔ ان میں زیادہ تر کرایہ دار تھے۔

پولیس کے مطابق عمارت میں آگ لگنے کی وجوہات کا پتہ لگایا جا رہا ہے۔ اب تک ملی اطلاع کے مطابق رات میں شدید گرمی تھی اور مکان میں سبھی لوگ اے سی چلا رہے تھے۔ اس کی وجہ سے عمارت کی وائرنگ گرم ہو گئی۔ اسی دوران وائرنگ میں آگ لگ گئی اور اس میں سے نکلی چنگاری نے دیکھتے ہی دیکھتے خوفناک شکل اختیار کرلی۔