حیدرآباد : مسلم خواتین کا برقع اٹھا کر چیکنگ کرنے پر مادھوی لتا کے خلاف ایف آئی آر درج
حیدرآباد / نئی دہلی، 13 مئی :
حیدرآباد میں آج چوتھےمرحلے کی پولنگ کے لئے ووٹنگ جاری ہے ۔دریں اثنا حیدر آباد سے بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کی امیدوار مادھوی لتا کے خلاف ایف آئی آر درج کر لی گئی ہے۔در اصل مادھوی لتاپولنگ بوتھ پر مسلم خواتین رائے دہندگان کا برقع اٹھا کر ان کی جانچ کر رہی تھی اور ان کی آئی ڈی چیک کر رہی تھی جس پر مادھوی لتا کے خلاف ایف آئی آر درج کی گئی ہے۔ مادھوی لتا کے خلاف ملک پیٹ پولیس اسٹیشن میں کیس درج کیا گیا ہے۔
حیدرآباد پارلیمانی حلقہ کے ریٹرننگ آفیسر اور کلکٹر اور ڈسٹرکٹ مجسٹریٹ نے ٹویٹ کیا کہ ان کے خلاف تعزیرات ہند کی دفعہ 171C، 186، 505(1)(c) اور عوامی نمائندگی ایکٹ کی دفعہ 132 کے تحت مقدمہ درج کیا گیا ہے۔پولنگ بوتھ پر برقع پوش خواتین کی ووٹر آئی ڈی چیک کرتے ہوئے ان کا ایک ویڈیو وائرل ہو رہا ہے۔
برقع پوش خواتین کے چہرے چیک کرنے پر مادھوی لتا نے کہا کہ میں ایک امیدوار ہوں اور مجھے چہرے کی تصدیق کرکے شناخت چیک کرنے کا حق ہے۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ اگر کوئی اسے مسئلہ بنانے کی کوشش کر رہا ہے تو وہ خوفزدہ ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ میں مرد نہیں ہوں، میں ایک عورت ہوں اور بڑی عاجزی کے ساتھ میں نے صرف اس سے درخواست کی ہے۔ اگر کوئی اس کو بڑا ایشو بنانا چاہتا ہے تو اس کا مطلب ہے کہ وہ خوفزدہ ہیں۔
واقعہ کی ویڈیو منظر عام پر آنے کے بعد حیدرآباد کے ملک پیٹ پولیس اسٹیشن میں مادھوی لتا کے خلاف مقدمہ درج کیا گیا ہے۔ اس معاملے پر حیدرآباد کلکٹر نے کہا ہے کہ مادھوی لتا کے خلاف دفعہ 171C، 186، 505(1)(C) اور عوامی نمائندگی ایکٹ کی دفعہ 132 کے تحت مقدمہ درج کیا گیا ہے۔