’حکومت  کے ذریعہ   وقف امید پورٹل کا قیام غیر قانونی اور عدالت کی توہین کے مترادف ‘

مرکزی حکومت کے ذریعہ امید پورٹل لانچ کرنے کی تیاری کے درمیان مسلم پرسنل لا بورڈ کے صدر مولانا خالد سیف اللہ رحمانی کی شدید تنقید ،عدالت سے رجوع کرنے کا اعلان

دعوت ویب ڈیسک

نئی دہلی ،04 جون :۔

انتہائی متنازعہ وقف ترمیمی قانون کے خلاف مسلمان سڑکوں پر احتجاج کر رہے ہیں اور سپریم کورٹ میں بھی ابھی معاملہ زیر سماعت ہے ۔سپریم کورٹ نے نئے قانون پر تعمیل پر روک لگا دی ہے اور حتمی فیصلہ ابھی آنا باقی ہے ۔ دریں اثنا مرکزی حکومت نے امید)  (UMEEDپورٹل کے لانچ کرنے کی تیاری کی خبروں نے ہلچل پیدا کر دی ہے ۔ آل انڈیا مسلم پرسنل لا بورڈ نے مرکزی حکومت کے اس قدام کی شدید تنقید کی ہے اور اسے غیر قانونی قرار دیتے ہوئے عدالت کی توہین قرار دیا ہے ۔

در اصل گزشتہ روز میڈیا میں یہ خبر گردش کر رہی ہے کہ مرکزی حکومت نے نئے متنازعہ وقف قانون کے تحت وقف جائدادوں کی رجسٹریشن کے لئے ایک امید نامی پورٹل لانچ کرنے کی تیاری کر رہی ہے جس میں چھ ماہ کے اندر تمام وقف املاک کی رجسٹری لازمی ہے ،اگر اس پر عمل درآمد نہیں کیا جاتا ہے تو اس جائداد کو متنازعہ تصور کیا جائے گا۔

میڈیا میں جاری ایک بیان میں آل انڈیا مسلم پرسنل لا بورڈ نے حکومت کے اس اقدام کی مذمت کی ہے ۔مولانا خالد سیف اللہ رحمانی صدر آل انڈیا مسلم پرسنل لابورڈ نے اپنے پریس نوٹ میں کہا ہے کہ حکومت کا پیش کردہ قانون "وقف 2025” اس وقت سپریم کورٹ میں زیرِ دوراں ہے۔ تمام مسلم تنظیموں نے اسے مسترد کر دیا ہے۔ اپوزیشن پارٹیوں، انسانی حقوق کی تنظیموں، اور سکھ، عیسائی نیز دیگر اقلیتوں نے بھی اسے ناقابلِ قبول قرار دیا ہے۔

مگر افسوس ہے کہ اس کے باوجود حکومت 6 /جون سے "وقف امید پورٹل” قائم کر رہی ہے اور اس میں اوقافی جائیداد کے اندراج کو لازم قرار دے رہی ہے۔ یہ پوری طرح حکومت کی غیر قانونی حرکت ہے اور واضح طور پر عدالت کی توہین کا ارتکاب ہے۔

اطلاعات کے مطابق یہ رجسٹریشن پوری طرح اس متنازعہ قانون پر مبنی ہے، جس کو عدالت میں چیلنج کیا گیا ہے اور جس کو آئین سے متصادم قرار دیا گیا ہے۔ اس لیے آل انڈیا مسلم پرسنل لابورڈ سختی سے اس کی مخالفت کرتا ہے۔ مسلمانوں اور ریاستی وقف بورڈوں سے اپیل کرتا ہے کہ جب تک عدالت اس سلسلہ میں کوئی فیصلہ نہ کردے، اوقاف کو اس پورٹل میں درج کرانے سے گریز کریں۔

متولیان وقف بورڈ کو میمورنڈم پیش کریں کہ جب تک سپریم کورٹ کا فیصلہ نہیں ہو جائے، اس طرح کی کارروائی سے  گریز کیا جائے۔ آل انڈیا مسلم پرسنل لا بورڈ عنقریب حکومت کے اس اقدام کے خلاف عدالت سے رجوع کرےگا۔