حکومت انسانوں کی لائی گئی ابتری کے لیے خدا کو مورد الزام نہ ٹھہرائے: پی چدمبرم

ہندوستانی معیشت پر کورونا وائرس کے اثرات سے متعلق وزیر خزانہ نرملا سیتارامن کی ’ایکٹ آف گاڈ‘(خدائی  آفت) والی تاویل  پر سخت ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے، کانگریس  لیڈر پی چدمبرم نے آج کہا کہ’’انسان ساختہ آفت کے لئے خدا پر الزام نہ لگائیں۔‘‘

جی ڈی پی میں 24 فی صد  گراوٹ آنے کے اطلاع کے ایک روز بعد ایک نیوز چینل کو انٹرویو دیتے ہوئے سابق وزیر خزانہ نے ہندوستان  کی بدترین معاشی صورت حال کو وثوق کے ساتھ بیان کیا، اس کے علاوہ انھوں نے حکومت کے امدادی پیکیج کو’ایک مذاق‘ بھی قرار دیا۔

مسٹر چدمبرم نےکہا کہ’’خدا کو مورد الزام نہ ٹھہرائیں۔ دراصل آپ کو خدا کا شکر ادا کرنا چاہیے۔ خدا نے ملک کے کسانوں پر احسان کیا ہے۔ وبائی بیماری ایک قدرتی آفت ہے۔ لیکن آپ وبائی امراض کو قدرتی آفت اور انسان ساختہ تباہی کے ساتھ خلط  ملط کررہے ہیں۔‘‘  
جی ایس ٹی نقصانات کی وجہ سے ریاستوں کی جانب سے معاوضے کے مطالبے پرسوال و جواب کے دوران وبائی بیماری سے متعلق تبصرے کے بعد نرملا سیتارمن نے نکتہ چینی کرنے والوں سے کہا تھا: ’’اس سال ہم ایک غیر معمولی صورت حال کا سامنا کررہے ہیں۔ ہمیں ایسی صورت حال کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے جس میں خدا کا عمل دخل  ہے، یہ ابتری قدرتی آفت کا نتیجہ ہے۔ ‘‘