حماس رہنمایحییٰ سنوار کی شہادت پر ملیشیا کا اظہار افسوس
ایک بار پھر بین الاقوامی برادری امن اور انصاف کو یقینی بنانے میں نا کام رہی:انور ابراہیم
جکارتہ ،20 اکتوبر :۔
غزہ میں اسرائیلی حملوں میں شہید ہونےوالے حماس کے رہنما یحیٰ سنوار کی شہادت پر متعدد ممالک نے اپنے رنج و غم کا اظہار کیا ہے۔ملیشیا بھی ان ممالک میں شامل ہے جہاں بڑے پیمانے پر فلسطین پر اسرائیلی مظالم کے خلاف آواز اٹھتی رہی ہےاور ملیشیا ہمیشہ فلسطین کی حمایت میں آواز اٹھاتا رہا ہے۔گزشتہ روز جب حماس رہنما یحی سنوار کی شہادت کی اطلاعات آئیں تو ملیشیا نے بھی اپنے رنج و غم اور افسوس کا اظہار کیا۔
رپورٹ کے مطابق ملیشیا کے وزیراعظم انور ابراہیم نے فلسطین کی مزاحمتی تنظیم حماس کے سربراہ یحییٰ سنوار کی شہادت پر افسوس کا اظہار کیا ہے۔ایکس پر جاری بیان میں ملیشیا کے وزیراعظم انور ابراہیم کا کہنا تھا کہ ملائیشیا فلسطینی عوام کے ایک مجاہد اور محافظ، یحییٰ سنوار کی شہادت پر غمزدہ ہے، جنہیں ظالم صیہونی حکومت نے بے دردی سے شہید کر دیا۔ انور ابراہیم کا کہنا تھا کہ ایک بار پھر بین الاقوامی برادری امن اور انصاف کو یقینی بنانے میں ناکام رہی ہے، جس سے تنازع کی صورتحال مزید خراب ہو گئی ہے۔
انو ر ابراہیم کا کہنا تھا کہ ملیشیااس قتل کی شدید مذمت کرتا ہے، یہ ثابت ہو چکا ہے کہ فلسطینیوں کی آزادی کی جدوجہدکو کمزور کرنے کی کوششیں ناکام رہیں گی۔ ملائیشیا زور دیتا ہے فلسطینی عوام کے مسلسل قتل و غارت کو فوری طور پر روکا جائے۔
خیال رہے کہ 16 اکتوبر کو اسرائیلی فورسز جب رفح کے علاقے میں آپریشن کر رہی تھیں تو اس وقت ان پر ایک عمارت سے فائرنگ کی جس کے جواب میں صیہونی فورسز نے ٹینک سے اس عمارت پر فائرنگ اور بمباری کی اور جب عمارت کا جائزہ لینے کے لیے ڈرون کیمرا اندر بھیجا تو ایک شخص تباہ حال عمارت میں زخمی حالت میں صوفے پر بیٹھا تھا۔جس کی شناخت بعد میں یحیٰ سنوار کے طور پر کی گئی ۔