حضرت علی رضی اللہ عنہ کی شان میں گستاخی،دھریندر شاستری کیخلاف شکایت درج
لکھنؤ کے چوک کوتوالی میں مولانا سیف عباس نے تحریری شکایت درج کروائی اور ایف آئی آر کا مطالبہ کیا
نئی دہلی، 05 اپریل
مدھیہ پردیش کے باگیشور دھام سرکار کے نام سے معروف دھیریندر کرشن شاستری حب الوطنی کی آڑ میں اکثر اپنے پروگراموں میں مسلمانوں کے خلاف نازیبا تبصرہ کرتے ہیں۔یہی نہیں بلکہ مسلمانوں کے خلا ف اشتعال انگیز بیان بازی میں بھی وہ پیچھے نہیں ہیں۔ حالیہ دنوں میں اپنے ایک پروگرام کے دوران دھریندر شاستری نے حضرت علی کی شان میں گستاخی کرتے ہوئے قابل اعتراض تبصرہ کیا جس سے مسلمانوں میں شدید ناراضگی پائی جا رہی ہے۔ اس سلسلے میں جمعہ کو لکھنؤ کے چوک کوتوالی میں ایک شعیہ عالم دین نےشکایت درج کروائی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اگر پولیس نے کارروائی نہ کی تو عدالت سے رجوع کریں گے۔حالانکہ تنازعہ بڑھتا ہوا دیکھ کر دھریندر شاستری نے معافی نامہ کا ویڈیو جاری کر دیا ہے۔
چوک کوتوالی کے انچارج کو شکایت دینے کے بعد باہر آئے مسلم مذہبی رہنما مولانا سیف عباس نے صحافیوں سے بات کرتے ہوئے دھیریندر کرشنا شاستری کے بیان پر ناراضگی ظاہر کی۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے مذہبی عقیدے کے حوالے سے انہوں نے جو متنازعہ بیان دیا ہے اس سے مسلم برادری کو تکلیف پہنچی ہے۔
مولانا عباس نے الزام لگایا کہ دھیریندر شاستری مسلسل مسلم مذہبی رہنماو ں کی توہین کر رہے ہیں۔ ان کی معافی کی ویڈیو بھی سوشل میڈیا پر چل رہی ہے لیکن دونوں کے دلائل مختلف ہیں۔ اگر دھیریندر شاستری اس معاملے پر معافی مانگیں جس پر انہوں نے مسلم مذہبی رہنماؤں کی توہین کی ہے تو ٹھیک ہے، ورنہ وہ ان کے خلاف قانونی کارروائی کریں گے۔
واضح رہے کہ ایک پروگرام کے دوران دھریندر شاستری نے لائیو نشریات میں حضرت علی رضی اللہ عنہ کی شان میں گستاخی کرتے ہوئے نازیبا تبصرہ کیا ۔معاملہ بڑھنے پر ایک ویڈیو پیغام کے ذریعہ دھریندر شاستری نے اپنے بیان پر معافی مانگتے ہوئے وضاحت کی ہے کہ کسی نے میرے بیان کو مولی علی سے جوڑ دیا ہے جو غلط ہے میرے کہنے کا مطلب ہرگز یہ نہیں تھا ،میں تمام مذاہب کا احترام کرتا ہوں ،جہاں تک میں نے مولی علی کو پڑھا ہے انہوں نے عدم تشدد کی ہمیشہ وکالت کی ہے۔اگر میرے بیان سے کسی کو تکلیف پہنچی ہے تو میں معافی مانگتا ہوں۔خیال رہے کہ اس سلسلے میں سوشل میڈیا ایکس پر بھی دھریندر شاستری کی گرفتاری کا ٹرینڈ چلایا گیا اور متعدد صارفین نے گرفتاری کا مطالبہ کیا۔