حزب اللہ نے اسرائیل پر ڈرون کی بارش کی،متعدد اسرائیلی فوجی ہلاک  و زخمی

 حیفا میں فوجی ٹھکانے پر ڈرون نے حملہ کیا گیا،اسرائیل کا ائیرڈیفینس سسٹم فیل

بیروت ،14 اکتوبر :۔

حزب اللہ اور اسرائیل کے درمیان جاری جنگ مزید تیز ہو گئی ہے۔اتوار کو حزب اللہ نے اسرائیل پر سب سے شدید ڈرون حملہ کیا ہے۔ اس ڈرون حملے میں حزب اللہ نے اسرائیل کے بنیامینا ملٹری بیس کو  نشانہ بنایا جس میں  متعدداسرائیلی فوجیوں کی موت ہوئی ہے جبکہ 70 فوجی زخمی ہیں۔

رپورٹ کے مطابق  زخمیوں میں 7 کی حالت تشویشناک بنی ہوئی ہے۔ سبھی زخمیوں کو ہیلی کاپٹر کی مدد سے اسپتال پہنچایا گیا۔ اسرائیلی فوج نے فوجی اہلکاروں کے کنبہ کو واقعہ کی اطلاع دے دی ہے۔ اسرائیل پر حزب اللہ کا یہ سب سے بڑا حملہ مانا جا رہا ہے۔ آئی ڈی ایف نے بھی حملے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ حزب اللہ کے ڈرون سے اتوار کی شام ملٹری بیس کو نشانہ بنایا گیا۔

اسرائیلی فوج کے ترجمان ڈینیل ہگاری نے کہا کہ ہم اس معاملے کی جانچ کر رہے ہیں۔ کوئی بھی ڈرون بغیر کسی وارننگ کے اسرائیلی فضائی سرحد کے اندر کیسے آ سکتا ہے۔ ہمیں بہتر تحفظ کرنی چاہیے تھی۔ حزب اللہ نے اسرائیل کے حیفہ شہر کو نشانہ بناتے ہوئے تقریباً 25 راکیٹ اور میزائلیں داغیں۔

حزب اللہ نے حملے کی ذمہ داری قبول کرتے ہوئے کہا کہ اس نے آئی ڈی ایف کے ٹریننگ بیس پر ڈرون کی بارش کر دی ہے۔ حزب اللہ نے یہ بھی کہا کہ اس نے ان جگہوں پر حملہ کیا ہے جہاں پر اسرائیلی فورس کے فوجی موجود تھے۔ یہ فوجی لبنان پر حملہ کرنے کا منصوبہ بنا رہے تھے۔

قابل ذکر ہے کہ اسرائیل اب غزہ میں حماس اور لبنان میں حزب اللہ کے ساتھ جنگ کر رہا ہے۔ ذرائع کے مطابق اسرائیل اس مہینے کی ابتدا میں ایران کی طرف سے ہوئے حملے کا جواب دینے کی فراق میں بھی ہے۔ حالانکہ اس نے یہ نہیں بتایا ہے کہ یہ کب اور کیسے ہوگا۔ ایران نے بھی کہا ہے کہ وہ کسی بھی اسرائیلی حملے کا جواب دینے کے لیے بالکل تیار ہے۔ حماس کے ساتھ جنگ کے ایک سال بعد بھی اسرائیل تقریباً روزانہ غزہ پر حملے کر رہا ہے جس میں بے قصور لوگوں کی بھی جانیں جا رہی ہیں۔ ہفتہ کی دیر رات نصرت کیمپ میں ایک گھر پر حملہ کیا گیا جس میں 8 لوگوں کی موت ہو گئی۔

ادھر اسرائیلی اخبار یسرائیل الیوم نے بھی اس امر کی تصدیق کی ہے کہ ڈرون کی ہدف کی جانب پرواز کے وقت وارننگ سائرن کا نظام بھی معطل ہونے کی وجہ سے حملے کی پیشگی اطلاع نہیں مل سکی۔

سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی ویڈیوز میں ڈرون کی کارروائی کے بعد اسرائیلی فوجی چھاؤنی میں پیدا ہونے والی صورتحال اور زخمی اسرائیلی فوجیوں کے ریسکیو کی کارروائی کی جھلک دیکھی جا سکتی ہے۔