حراست میں طلبہ کارکنوں پر غیر انسانی تشدد کے لیے دہلی پولیس کی مذمت
جامعہ ملیہ اسلامیہ کی نو طلبہ تنظیموں نے مشترکہ بیان جاری کر کے دہلی پولیس کی سخت تنقید کی،حقوق انسانی کی سر گرم تنظیم سی اے ایس آر نے بھی اٹھائے سوال

نئی دہلی ،22 جولائی :۔
جامعہ ملیہ اسلامیہ کی نو طلبہ تنظیموں نے ایک مشترکہ بیان جاری کیا ہے اور حال ہی میں دہلی میں بائیں بازو کی طلبہ تنظیموں سے وابستہ متعدد طلبہ کارکنوں کے خلاف مبینہ حراستی تشدد، غیر قانونی اغوا اور جنسی تشدد کی دھمکیوں پر دہلی پولیس کی سخت تنقید کی ہے۔
طلبہ تنظیموں کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ 9 اور 11 جولائی کے درمیان، دہلی پولیس کے خصوصی سیل نے بھگت سنگھ چھاترا ایکتا منچ (بی ایس سی ای ایم)، کارپوریٹائزیشن اور ملٹریائزیشن کے خلاف فورم، اور دیگر عوامی تنظیموں سے وابستہ سات طلبہ کارکنوں کو بغیر کسی وارنٹ اور قانونی کارروائی کے پکڑ لیا۔
ان کارکنوں میں گورکیرت، گورو، گورانگ، بادل، احتشام الحق اور سمرت سنگھ شامل ہیں۔ تمام کارکنوں نے حراست کے دوران انتہائی ظالمانہ سلوک کا الزام لگایا ہے۔طلبہ تنظیموں کا دعویٰ ہے کہ زیر حراست کارکنوں کو برہنہ کیا گیا، مارا پیٹا گیا، بجلی کے جھٹکے دیے گئے اور ان کے سر کو بیت الخلا میں ڈبونے سمیت ذلت آمیز سلوک کیا گیا۔
خواتین کارکنوں کو سلاخوں سے عصمت دری کی دھمکیاں دی گئیں – جسے جنسی تشدد سمجھا جاتا ہے۔ بیان میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ ایک ماہر نفسیات اور سماجی کارکن سمرت سنگھ کو مقامی پولیس کے علم میں لائے بغیر ہریانہ کے جمونا نگر میں ان کے گھر سے اٹھایا گیا۔ یہ دہلی پولیس کے دائرہ اختیار سے باہر کی کارروائی تھی۔جب کہ چھ کارکنوں کو 16 اور 18 جولائی کے درمیان رہا کیا گیا تھا، رودرا، جو دہلی یونیورسٹی کے ذاکر حسین کالج میں فلسفے کا طالب علم ہے، ابھی تک لاپتہ ہے۔
میڈیا رپورٹوں کے مطابق، رودر نے 18 جولائی کی صبح ہاوڑہ-نئی دہلی دورنتو ایکسپریس سے اپنا سفر شروع کیا اور صبح 7:40 پر اپنے دوست کو فون کرکے اسے اطلاع دی کہ وہ نئی دہلی ریلوے اسٹیشن پہنچ گیا ہے۔ اس کے بعد سے اس کی کوئی شنوائی نہیں ہوئی۔
طلبہ تنظیموں نے رودر کی گمشدگی کو دہلی پولیس کی غیر قانونی کارروائیوں سے بھی جوڑا ہے اور اس کی فوری طور پر محفوظ واپسی کا مطالبہ کیا ہے۔
جامعہ کے طلباء نے بیان میں لکھا:”ہم نے جامعہ ملیہ اسلامیہ میں واضح طور پر دیکھا ہے کہ کس طرح طلباء کو انتظامیہ اور پولیس کے ذریعہ نشانہ بنایا جاتا ہے – چاہے فیسوں میں اضافے کے خلاف بولنے، ہاسٹل کے مسائل کو اٹھانے، یا کسی بھی طرح کا احتجاج۔ پھر طلباء کو معطل، نکال دیا جاتا ہے، یا ان کے خلاف ایف آئی آر درج کی جاتی ہیں۔”طلبہ تنظیموں نے ریاست پر طلبہ کی آوازوں کو دبانے اور جمہوری اختلاف کو مجرم بنانے کے لیے فاشسٹ طریقے استعمال کرنے کا الزام لگایا۔
طلبہ تنظیمیوں کی گرفتاری اور پولیس حراست میں تشدد پر انسانی حقوق کی تنظیموں نے بھی ردعمل کا اظہار کیا ہے۔ریاستی جبر کے خلاف مہم سی اے ایس آر نے ایک الگ بیان میں کہا کہ یہ کارروائیاں ہندوستانی آئین کے آرٹیکل 21 اور 22 کی سنگین خلاف ورزی ہیں۔سی اے ایس آر نے کہا:”نہ گرفتاری کے میمو تیار کیے گئے، نہ ہی خاندانوں کو مطلع کیا گیا، اور نہ ہی زیر حراست افراد کو وکلاء سے ملنے کی اجازت دی گئی۔ یہ واضح طور پر ڈی کے باسو بمقابلہ ریاست مغربی بنگال (1997) اور انڈین پینل کوڈ (BNS 2023) میں سپریم کورٹ کے فیصلے کے تحت مجرمانہ جرائم ہیں۔
بیان میں حراستی تشدد کو مجرمانہ دھمکی، رضاکارانہ طور پر شدید چوٹ، اغوا، اور غیر قانونی حراست، اور SC/ST پریوینشن آف ایٹروسیٹیز ایکٹ اور انسانی حقوق کے تحفظ کے قانون، 1993 کی خلاف ورزی قرار دیا گیا ہے۔