حج 2025:  بھارت سمیت 14 ممالک کے لیے ویزا قوانین میں کی تبدیلی

نئی دہلی ،08فروری :۔

سعودی عرب نے حج 2025 کے پیش نظر ویزا قوانین میں اہم تبدیلیاں کی ہیں، جن کا اثر بھارت  سمیت 14 ممالک پر پڑے گا۔ نئے قوانین کے تحت ان ممالک کے شہریوں کے لیے ملٹی پل انٹری ویزا کو غیر معینہ مدت کے لیے معطل کر دیا گیا ہے، اور اب وہ صرف سنگل انٹری ویزا حاصل کر سکیں گے۔

رپورٹ کے مطابق  یہ اقدام غیر قانونی حج کو روکنے کے لیے اٹھایا گیا ہے کیونکہ ملٹی پل انٹری ویزا رکھنے والے کئی افراد بغیر اجازت حج میں شامل ہو جاتے تھے، جس کی وجہ سے مکہ میں شدید بھیڑ پیدا ہوتی تھی۔ سعودی حکام کے مطابق، اس بھیڑ پر قابو پانے اور حجاج کو بہتر سہولیات فراہم کرنے کے لیے یہ فیصلہ کیا گیا ہے۔

سعودی عرب کی جانب سے ویزا پالیسی میں کی گئی تبدیلی کا اثر درج ذیل 14 ممالک پر پڑے گا: ہندوستان، پاکستان، بنگلہ دیش، انڈونیشیا، مصر، الجزائر، مراکش، ایتھوپیا، عراق، اردن، نائجیریا، سوڈان، تیونس، یمن۔

ان ممالک کے شہری اب صرف سنگل انٹری ویزا کے لیے درخواست دے سکتے ہیں، جو 30 دن کے لیے کارآمد ہوگا۔ ملٹی پل انٹری ویزا پر پابندی غیر معینہ مدت کے لیے عائد کی گئی ہے، تاہم حج، عمرہ، سفارتی اور رہائشی ویزوں پر یہ پابندی لاگو نہیں ہوگی۔

واضح رہے کہ ہر سال لاکھوں مسلمان حج کے لیے مکہ کا رخ کرتے ہیں، اور سعودی حکومت نے ہر ملک کے لیے مخصوص حج کوٹا مقرر کر رکھا ہے۔ تاہم، کئی افراد بغیر اجازت حج میں شامل ہو کر نظام میں خلل ڈالتے ہیں۔گزشتہ سال شدید گرمی کے باعث 1,200 سے زائد حجاج جاں بحق ہوئے تھے، جن میں سے بیشتر غیر مجاز زائرین تھے۔ سعودی حکام کو شدید تنقید کا سامنا کرنا پڑا، جس کے بعد حکومت نے اس سال کے حج میں سخت اقدامات کرنے کا فیصلہ کیا۔