حج 2024: عازمین حج کی وطن واپسی کا سلسلہ شروع
378 حاجیوں پر مشتمل پہلے گروپ کا دہلی میں شاندار استقبال
نئی دہلی،22 جون :۔
سعودی عرب کے مقدس شہر مکہ مکرمہ میں دنیا بھر کے لاکھوں مسلمانوں کے ذریعہ حج 2024 کی ادائیگی کے بعد اب ان کی وطن واپسی کا سلسلہ بھی شروع ہو گیا ہے۔ ہندوستانی حجاج بھی فریضۂ حج ادا کرنے کے بعد وطن واپسی کے لیے تیار ہیں۔ آج سعودی ایئرلائنز کی پہلی پرواز سے 378 حاجیوں کے دہلی آنے کے ساتھ ہی حاجیوں کی وطن واپسی کا سلسلہ شروع ہو چکا ہے۔
ٓج شام 5 بجے سعودی ایئرلائنز کی پرواز سے دہلی کے اندرا گاندھی ہوائی اڈے پر اترنے والے حاجیوں کا استقبال دہلی اسٹیٹ حج کمیٹی کی چیئرپرسن کوثر جہاں نے پھولوں کا ہار پہنا کر کیا۔ انھوں نے سبھی حجاج کرام کو حج کی مبارکباد پیش کرتے ہوئے وطن واپسی کی مبارکباد دی۔ اس موقع پر دہلی حج کمیٹی کے ایگزیکٹیو افسر اشفاق احمد عارفی، ڈپٹی ایگزیکٹیو افسر محسن علی و دیگر افسران و اسٹاف بھی موجود تھے۔
یاد رہے کہ اس سال پوری دنیا سے تقریباً 19 لاکھ لوگوں نے مقدس حج کی ادائیگی کی ہے۔ ہندوستان سے حج کمیٹی کے توسط سے حج پر جانے والے لوگوں کی مجموعی تعداد 139964 ہے۔ دہلی اسٹیٹ حج کمیٹی کے انتظامی بندوبست میں دہلی امبارکیشن پوائنٹ سے روانہ ہونے والے حاجیوں کی تعداد 16443 ہے ان میں دہلی کے 3065 حاجیوں کے علاوہ مغربی اتر پردیش کے 9567، ہریانہ کے 1345، اتراکھنڈ کے 1038، پنجاب کے 251 اور چنڈی گڑھ کے 36 حجاج کرام شامل ہیں۔
اپنی پسند سے دہلی امبارکیشن پوائنٹ کا انتخاب کرنے والے حاجیوں میں بہار کے 393، جموں و کشمیر کے 498، گوا کے 3، مدھیہ پردیش کے 21، مہاراشٹر کے 2، راجستھان کے 216 اور اڈیشہ کے 1 حاجی شامل ہیں۔ اس سال دہلی امبارکیشن پوائنٹ سے روانہ ہونے والے حاجیوں میں 8652 مرد، 7791 خواتین، 36 بچے اور 11 شیرخوار بچوں کے علاوہ بغیر محرم کے حج کرنے والی خواتین کی تعداد 53 ہے۔ مجموعی طور پر 46 پروازوں پر مشتمل حاجیوں کے آنے کا آج سے شروع ہونے والا سلسلہ آئندہ 9 جولائی 2024 تک جاری رہے گا۔