حج 2024: درخواست فارم جمع کرنے کا آغاز، 20 دسمبر 2023 تک بھرے جائیں گے فارم
نئی دہلی،05دسمبر :۔
حج کمیٹی آف انڈیا کی ہدایت کے مطابق حج بیت اللہ 2024 کے لیے درخواست فارم جمع کرنے کا سلسلہ 04 دسمبر 2023 سے شروع کر دیا گیا ہے ،یہ سلسلہ 20 دسمبر 2023 تک جاری رہے گا۔اس سلسلے میں حج کمیٹی آ ف انڈیا کی جانب سے حکم نامہ جاری کر دیا گیا ہے ۔یہ حکم نامہ 29 نومبر 2023 کو جاری کیا گیا ہے جس کے مطابق آن لائن حج 2023 کے لئے فارم بھرنے کا آغاز 04دسمبر2023 سے ہوگیا ہے اور یہ سلسلہ 20دسمبر 2023 تک جاری رہے گا۔ جاری حکم نامے کے مطابق حج درخواست فارم حج کمیٹی آف انڈیا کی ویب سائٹ https://hajcommittee.gov.in اور موبائل ایپ ’حج سویدھا‘ پرآن لائن بھرے جا سکتے ہیں۔
دہلی اسٹیٹ حج کمیٹی کی چیئرپرسن کوثر جہاں کی ایک ریلیز کے مطابق اس سال حج بیت اللہ 2024 کی ادائیگی کا ارادہ رکھنے والے ایسے افراد جن کے پاس ابھی تک مشین ریڈیبل پاسپورٹ نہیں ہے، ان کے لیے فاسپورٹ آفس، وزارتِ امور خارجہ، حکومت ہند کے تعاون سے حج منزل میں دہلی اسٹیٹ حج کمیٹی کی جانب سے خصوصی پاسپورٹ فارم کاؤنٹر کا اہتمام کیا جائے گا۔ وہاں نیا پاسپورٹ بنانے یا پاسپورٹ رینووَل کے لیے مطلوبہ ضروری دستاویزات کے ساتھ آ کر پاسپورٹ ایپلائی کیا جا سکتا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ ایسے عازمین حج کے لیے بروقت پاسپورت مہیا کرانے کو یقینی بنانے کی پوری کوشش کی جائے گی۔
دہلی اسٹیٹ حج کمیٹی کے ایگزیکٹو آفیسر جناب اشفاق احمد عارفی کی جانب سے فراہم معلومات کے مطابق حج درخواست گزار عازمین کے پاس مشین ریڈیبل پاسپورٹ ہونا لازمی ہے جو حج درخواست فارم بھرنے کی آخری تاریخ یا اس سے پہلے کا جاری کیا ہوا ہونا چاہیے اور جس کی میعاد کم سے کم 31 جنوری 2025 تک ہونی چاہیے۔ آن لائن حج درخواست فارم بھرنے کے لیے پاسپورٹ سائز فوٹو، آدھار کارڈ، کورونا ویکسین کی دو ڈوز کی سرٹیفکیٹ اور گروپ لیڈر کے بینک اکاؤنٹ کا کینسل چیک ہونا بھی ضروری ہے۔ ایک گروپ میں زیادہ سے زیادہ 4 لوگ درخواست دے سکتے ہیں۔ اس کے علاوہ گزشتہ برسوں کی طرح 45 سال سے زیادہ عمر کی خواتین بغیر محرم کے اکیلی بھی درخواست دینے کی اہل ہوں گی۔