جے پور: آر ایس ایس کے پروگرام کے دوران ہنگامہ، چاقو کے حملے میں 8زخمی
راجستھان کے کرنی وہار میں بھجن کرتن کے دوران واقعہ پیش آیا،نصیب چودھری اور بھشم چودھری گرفتار
نئی دہلی ،جے پور،18 اکتوبر :۔
شرد پورنیما کے موقع پر گزشتہ رات یعنی جمعرات کی رات آر ایس ایس کی جانب سے منعقدہ ایک پروگرام میں سنگھ کارکنان آپس میں ہی الجھ پڑے اور پر تشدد جھڑپ ہوئی ۔ اس دوران جم کو چاقو بازی ہوئی جس میں 8 افرادزخمی ہوگئے۔ زخمی ہونے والے آر ایس ایس یعنی راشٹریہ سویم سیوک سنگھ کے رضاکار بتائے جاتے ہیں۔اس سلسلے میں پولیس نے باپ بیٹے نصیب چودری اور بھشم چودھری کو گرفتار کیا ہے۔
رپورٹ کے مطابق یہ حملہ شرد پورنیما پر کھیر کی تقسیم کے پروگرام کے دوران ہوا۔ چاقو کے حملے میں زخمی ہونے والوں کو ایس ایم ایس اسپتال میں داخل کرایا گیا ہے۔ موقع پر پولیس کی بھاری نفری تعینات ہے۔ اسپتال میں ہندو تنظیموں کی بڑی بھیڑ ہے۔ معاملہ کرنی وہار علاقے کا ہے جہاں حملے سے ناراض لوگوں نے تھانے کا گھیراؤ کیا اور ہنگامہ کیا۔
بتایا جا رہا ہے کہ جھگڑے کے بعد دونوں فریقوں میں لڑائی ہوئی اور چاقو سے حملہ ہوا۔ بی جے پی لیڈر راجیہ وردھن سنگھ راٹھور نے ہسپتال میں زخمیوں سے ملاقات کی اور قصورواروں کے خلاف سخت اور فوری کارروائی کا یقین دلایا۔ انہوں نے کہا، ‘راجستھان میں قانون کی حکمرانی ہوگی۔ ملزمان کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔
اس کے ساتھ ہی مقامی ایم ایل اے گوپال شرما بھی زخمیوں کی خیریت دریافت کرنے اسپتال پہنچے۔ ذرائع کے مطابق تمام زخمی راشٹریہ سویم سیوک سنگھ کے کارکن بتائے جاتے ہیں۔ پولیس نے معاملے کی تفتیش شروع کردی ہے اور علاقے میں سیکورٹی بڑھا دی گئی ہے۔ خبر ہے کہ پولیس نے اس معاملے میں باپ بیٹے نصیب چودھری اور بھشم چودھری کو حراست میں لیا ہے۔