جے ای ای کی تیاری کے لیے ہولسٹک ایجوکیشن ٹرسٹ کا آن لائن سیمینار

نئی دہلی 28اپریل :۔

آج جے ای ای ( انجینئرنگ  داخلہ امتحان ) کی تیاری میں رہنمائی کے مقصد سے ہولسٹک ایجوکیشن ٹرسٹ، فیڈریشن آف مسلم ایجوکیشنل انسٹی ٹیوشنز، اسٹوڈنٹس اسلامک آرگنائزیشن (ایس آئی او)، گرلز اسلامک آرگنائزیشن (جی آئی او) اور سی ٹی اے جی (سی ٹیگ) کے اشتراک سے ایک آن لائن سمینار کا انعقاد کیا گیا۔ اس سمینار کی نگرانی  ملک کے ممتاز کیریئر کاؤنسلر شیخ نجم الدین صاحب  کر رہے تھے جو گزشتہ تین دہائیوں سے طلبہ کی رہنمائی میں مصروف ہیں ۔ سیمینار صبح  گیارہ بجے شروع ہوکر دوپہر ایک بجے تک جاری رہا جس میں ملک بھر سے بڑی تعداد میں طلبہ نے شرکت کی۔ شیخ نجم الدین صاحب نے طلبہ کو جے ای ای میں کامیابی کے بنیادی اصولوں، مؤثر منصوبہ بندی، وقت کے صحیح استعمال اور ذہنی دباؤ سے نجات کے طریقوں پر مفصل خطاب کیا۔ انہوں نے طلبہ کو بتایا کہ مستقل مزاجی، سلیقہ مند مطالعہ اور خود اعتمادی ہی کامیابی کی کنجی ہیں۔

یہ بات قابلِ ذکر ہے کہ شیخ نجم الدین صاحب کی نگرانی میں ماضی میں ہزاروں طلبہ نے میڈیکل اور انجینئرنگ کے امتحانات میں شاندار کامیابیاں حاصل کی ہیں، اور ان کی رہنمائی تعلیمی حلقوں میں قدر کی نگاہ سے دیکھی جاتی ہے۔ سیمینار کے دوران سوال و جواب کا ایک خصوصی دور بھی رکھا گیا جس میں طلبہ نے اپنی تعلیمی الجھنوں کے حل کے لیے براہ راست سوالات کیے اور مفید مشورے حاصل کیے۔ سمینار کی کاروائی کو جناب اسداللہ خاں نے کامیابی کے ساتھ  انجام دیا۔  طلبہ نے اس علمی نشست کو انتہائی مفید قرار دیتے ہوئے امید ظاہر کی کہ اس طرح کے مزید پروگرام منعقد کیے جائیں۔ پروگرام میں طلباء کی دلچسپی کو دیکھتے ہوئے منتظمین نے اعلان کیا کہ شیخ نجم الدین صاحب کی قیادت میں ایک اور آن لائن سیمینار نیٹ (میڈیکل داخلہ امتحان) کے امیدواروں کے لیے 29 اپریل 2025 بروز منگل، صبح گیارہ  بجے سے دوپہر ایک بجے تک منعقد کیا جائے گا۔ نیٹ سیمینار میں بالخصوص دسویں، گیارہویں اور بارہویں جماعت کے طلبہ کی شرکت متوقع ہے۔ اس سیمینار میں نیٹ کی تیاری کے جدید اور سائنسی طریقوں، سوالات کے تجزیے، وقت کی منصوبہ بندی، اور ذہنی دباؤ پر قابو پانے جیسے اہم موضوعات پر تفصیلی روشنی ڈالی جائے گی۔  اس سمینار میں شیخ نجم الدین صاحب طلبہ کو نہ صرف تعلیمی محنت کا صحیح رخ دکھائیں گے بلکہ انہیں اپنی منزل کے حصول کے لیے عملی مشورے بھی فراہم کریں گے۔ منتظمین نے تمام دلچسپی رکھنے والے طلبہ سے اپیل کی ہے کہ وہ بروقت رجسٹریشن کرا کر اس مفید موقع سے بھرپور فائدہ اٹھائیں اور اپنی کامیابی کے راستے ہموار کریں۔ رجسٹریشن کے لیے7004212057  پر رابطہ کریں ۔