جے این یواے میں دہائیوں بعد اے بی وی پی کی دھمک ، بائیں بازو کے اتحادنے مشکل سے بچایا قلعہ

 ا ے بی وی پی کی ویبھو مینا جوائنٹ سکریٹری منتخب، 42 میں سے 23 سیٹوں پر اے بی وی پی نے جیت درج کی ہے جبکہ تمام عہدوں پر بایاں محاذ نےپرچم لہرایا

نئی دہلی،28اپریل :۔

جواہر لال نہرو یونیورسٹی (جے این یو) اسٹوڈنٹس یونین الیکشن 2025 کے نتائج کا اعلان کر دیا گیا ہے۔ اس بار بی جے پی کی طلبا تنظیم اے بی وی پی نے زبر دست مظاہرہ کیا ہے۔دائیں بازو کی پارٹی نے بایاں محاذ کے لال قلعہ پر پوری تیاری کے ساتھ حملہ کیا تھا اور تشہیر کا ہر وہ طریقہ اختیار کیا جس سے بایا ں محاذ کے قلعے کو سر کیا جائے۔نتیجہ بتاتا ہے کہ  لیفٹ ونگ میں آپسی اختلافات اور توڑپھوڑ  کا اثر رہا کہ بڑی مشکل سے بایا ں محاذ اپنا لال قلعہ بچانے میں کامیاب رہا ۔ اور چار اہم عہدوں میں سے تین پر اپنا غلبہ بر قرار رکھا۔جبکہ ایک اہم عہدے جوائنٹ سکریٹری پر اے بی وی پی کی ویبھو مینا نے کامیابی حاصل کی۔

آئیسا کے نتیش کمارصدر، ڈی ایس ایف کی منیشا کو نائب صدر، ڈی ایس ایف کی منتہی فاطمہ کو جنرل سکریٹری اور اے بی وی پی کے ویبھو مینا کو جوائنٹ سکریٹری منتخب کیا گیا۔

کیمپس میں اے بی وی پی کی جیت  ایک اہم تبدیلی کی نشاندہی کرتی ہے۔ اے بی وی پی کے نو منتخب جوائنٹ سکریٹری ویبھو مینا نے کہا کہ تنظیم نے ایک دہائی کے بعد یہ کامیابی حاصل کی ہے۔ یہ تنظیم اگلے انتخابات میں تمام ٹاپ چار پوزیشنز حاصل کرے گی۔