جھوٹے الزامات میں گرفتارمسلم نوجوانوں کے  مقدمات لڑنے والے وکیل عبد الواحد شیخ کے گھر پر این آئی اے کا چھاپہ

نئی دہلی ،11اکتوبر:۔

ممبئی میں بے گناہ مسلم نوجوانوں کے مقدمات لڑنے کے لئے مشہور وکیل عبد الوحد شیخ کی رہائش گاہ پر آج این آئی اے یعنی نیشنل انویسٹی گیشن ایجنسی نے چھاپہ مارا ہے  ۔ عبد الواحد شیخ قیدیوں کے حقوق کے لئے سر گرم تنظیم کے رکن بھی ہیں۔

شیخ عبد الوحد کو  ممبئی کے 7/11 کے دھماکے کے کیس میں انسداد دہشت گردی کے سخت قوانین کے تحت  گرفتار کئے گئے تھے اور نو سال جیل میں گزارنے کے بعد رہا کئے گئے ۔

رپورٹ کے مطابق صبح 5 بجے کے قریب لوگوں کا ایک بڑا گروپ جس میں مرد اور خواتین دونوں پولیس وردی میں تھے، شیخ کے گھر پہنچے۔ ایک ویڈیو میں، شیخ نے ذکر کیا کہ انہوں نے اپنی شناخت ظاہر کرنے یا تلاشی یا گرفتاری کے وارنٹ فراہم کرنے سے انکار کردیا۔ جب انہوں نے دروازہ کھولنے سے انکار کیا تو انہوں نے ایک دروازہ توڑ دیا اور باہر لگے سی سی ٹی وی کو نقصان پہنچایا۔

بعد میں اس بات کی تصدیق کی گئی کہ شیخ کے گھر کے باہر یونیفارم والے افراد  این آئی اے کے چھاپے کا حصہ تھے ۔

این آئی اے  کا یہ چھاپہ ایک وسیع تر کارروائی کا حصہ تھا، جس میں مہاراشٹر، راجستھان، مدھیہ پردیش، تمل ناڈو اور دہلی سمیت متعدد ریاستیں  میں پھیلی ہوئی تھیں۔

مکتوب میڈیا کی رپورٹ کے مطابق ایک پولیس افسر نے  بتایا کہ یہ چھاپہ کالعدم مسلم تنظیم پاپولر فرنٹ آف انڈیا کے ماڈیول کو ختم کرنے کے لیے تھا۔ یہ کیس گزشتہ سال وزیر اعظم نریندر مودی کے دورہ بہار کے دوران خلل پیدا کرنے سے منسلک تھا۔ نیشنل انویسٹی گیشن ایجنسی نے اس کیس کو اپنے قبضے میں لے لیا، جو اصل میں پٹنہ کے پھلواری شریف پولیس اسٹیشن نے جولائی 2022 میں پاپولر فرنٹ آف انڈیا (PFI) کے ممبران کے خلاف وزیر اعظم کے دورے میں خلل ڈالنے کی سازش کے لیے درج کیا تھا۔

این آئی اے ممبئی، تھانے، نوی ممبئی، اور مہاراشٹر کے مختلف اضلاع میں تقریباً پانچ مقامات پر چھاپے مار رہی ہے، جس میں عبدالواحد شیخ کی وکرولی میں رہائش گاہ، بھیونڈی، ممبرا اور دیگر اضلاع کے مقامات شامل ہیں۔