جھانسی میں 10 بچوں کی اموات اور یوگی حکومت کی بے حسی پر اٹھے سوال
صبح حادثہ ہوا اور شام کو وزیر اعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ نے انتخابی روڈ شو کیا،
نئی دہلی ،17 نومبر :۔
جھانسی کے ضلع میڈیکل اسپتال میں گزشتہ روز انتہائی اندوہناک واقعہ پیش آیا جس میں 10 معصوم بچوں کی موت ہو گئی ۔یہ حادثہ اتنا خوفناک اور دلدوز تھا کہ موقع پر موجود لوگوں کی چیخیں نکل گئیں ۔لوگ بد حواسی کے عالم میں ادھر ادھر بھاگتے نظر آئے۔حادثے کے بعد نائب وزیر اعلیٰ نے موقع کا دورہ کیا ۔وزیر اعظم اور وزیر اعلیٰ نے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے متاثرین کیلئے امداد کا اعلان کیا لیکن اس دوران حکومت کی بے حسی بھی نظر آئی اور لوگوں سے سوال بھی اٹھائے۔
ایک طرف متاثرین اسپتال میں اپنے معصوم بچوں کی خیریت کو لے کر پریشان تھے ،جن کے بچے حادثے کا شکار ہو گئے ان کی حالت دیگر گوں تھی وہ ماتم کرتے اور روتے بلکتے نظر آئے وہیں دوسری طرف اسپتال اور مقامی انتظامیہ نائب وزیر اعلیٰ کی آمد کی خبر سن کر وی آئی پی تیاریوں اور استقبال میں مصروف ہو گیا تھا۔ راستوں کو صاف کیا جا رہا تھا اور چونے سے قلعی کی جا رہی تھی ۔جس پر لوگوں نے سوال اٹھائے اور اس انتظام کو بے حسی قرار دیا ۔
وہیں دوسری جانب اتنے بڑے حادثے اور اندوہناک واقعہ کے باوجود وزیر اعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ کا سیاسی دورہ اور انتخابی سر گرمیوں پر کوئی اثر نہیں پڑا ۔ انہوں نے غازی آباد اور دیگر علاقوں کا دورہ کیا ۔روڈ شو کیا اور لوگوں سے خطاب بھی کیا ۔ ریاست میں اس اندوہناک واقعہ کے باوجود ان کی سیاسی ریلیوں پر کوئی اثر نہ پڑنے پر لوگوں نے سوال اٹھائے اور اس بے حسی کے مظاہرہ پر تنقید کی ۔
واضح رہے کہ اس حادثے کی جانچ کا حکم جاری کر دیا گیاہے لیکن اسپتال انتظامیہ کی لاپروائی واضح طور پر نظر آئی ہے۔ رپورٹ کے مطابق آگ لگنے کے بعد فائر الارم نہیں بجا جس کی وجہ سے لوگوں کو آگ کی اطلاع ملنے میں تاخیر ہوئی اور بچوں کو بچانے کا وقت نہیں مل پایا اور کچھ اور بچوں کی جانیں بچائی جا سکتی تھیں۔ اس کے علاوہ آگ بجھانے کے آلات درست نہیں تھے۔ کچھ سلینڈر کام نہیں کر رہے تھے تو کچھ ایکسپائر ہو چکے تھے ، جن کے مینٹیننس پر انتظامیہ نے توجہ نہیں دی ۔ خیال رہے کہ اس اسپتال کے سلسلے میں اس سال کے آغاز میں یہ دعویٰ کیا گیا تھا کہ یہ ورلڈ کلاس اسپتال ہے جس میں بچوں کے علاج اور سہولت کا بہترین نظم نسق کا انتظام کیا گیا تھا۔