جھارکھنڈ:  ہولی کے جلوس کے دوران ہنگامہ ، دکانوں اور گاڑیوں میں آتشزنی

دونوں فرقوں کی جانب سے پتھراؤ، یہ واقعہ گریڈیہہ کے گھوڑتھمبا علاقے میں پیش آیا معمولی کہا سنی کے بعد پر تشدد جھڑپ

نئی دہلی ،15 مارچ :۔

رمضان کا دوسرا جمعہ اور ہولی ایک ہی دن پڑنے کی وجہ سے ملک بھر میں حالات کشیدہ تھے۔انتظامیہ جمعہ اور ہولی کو پر امن طریقے سے منعقد کرانے کیلئے مستعد رہی ۔اتر پردیش ،بہار سمیت متعدد ریاستوں میں اس کے لئے فورس اور سیکورٹی کا سخت انتظامات کئے گئے مگر اس دوران کچھ مقامات پر شر پسندوں نے ہنگامہ کی کوشش کی جس سے پولیس نے بھی اپنے طریقے سے نمٹا ۔

جھارکھنڈ کےگریڈیہہ  ضلع میں ہولی جلوس کے دوران فرقہ وارانہ کشیدگی پیدا ہو گئی، جس کے نتیجے میں دو فریقوں کے درمیان شدید جھڑپ ہوئی۔   رپورٹ کے مطابق، پتھراؤ کے تبادلے میں کئی افراد زخمی ہو گئے، جبکہ مشتعل ہجوم نے متعدد دکانوں اور گاڑیوں کو نذر آتش کر دیا۔

پولیس کے مطابق، یہ واقعہ گریڈیہہ کے گھوڑتھمبا علاقے میں پیش آیا، جہاں ہولی کے جلوس کے گزرنے پر کسی بات پر کہا سنی ہوئی، جس کے بعد حالات کشیدہ ہو گئے۔ موقع پر موجود لوگوں کا کہنا ہے کہ بحث و تکرار کے بعد معاملہ سنگین ہو گیا اور دونوں طرف سے پتھراؤ شروع ہو گیا۔

ضلع کے پولیس سپرنٹنڈنٹ (ایس پی) ڈاکٹر بمل نے بتایا، ’’ہولی کے دوران دو فرقوں میں تصادم ہوا۔ ہم واقعے میں ملوث افراد کی شناخت کر رہے ہیں اور ان کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔ فی الحال حالات قابو میں ہیں اور کسی کو کوئی شدید چوٹ نہیں آئی ہے، تاہم کچھ گاڑیوں کو آگ لگائی گئی ہے۔‘‘

پولیس نے فوری طور پر علاقے میں بھاری نفری تعینات کر دی اور حالات کو کنٹرول میں لینے کے لیے سخت اقدامات کیے گئے۔

اس حوالے سے ضلع کی ڈپٹی کمشنر (ڈی سی) سمیتا کماری نے کہا، ’’ہولی کے دوران کچھ شرپسند عناصر نے ماحول خراب کرنے کی کوشش کی لیکن اب حالات قابو میں ہیں۔ ابتدائی اطلاعات کے مطابق، کچھ گاڑیوں کو آگ لگانے کا واقعہ پیش آیا ہے۔ معاملے کی مکمل جانچ کی جا رہی ہے تاکہ اصل وجوہات کا پتہ لگایا جا سکے۔‘‘