جھارکھنڈ کے سابق وزیر اعلیٰ ہیمنت سورین کو ہائی کورٹ سے ملی ضمانت
نئی دہلی ،28 جون :۔
جھارکھنڈ ہائی کورٹ نے زمین گھوٹالہ سے متعلق منی لانڈرنگ کیس میں سابق وزیر اعلیٰ ہیمنت سورین کی ضمانت کی درخواست منظور کر لی ہے۔ جسٹس رنگن مکھوپادھیائے کی عدالت نے اس درخواست پر تین دن کی بحث اور سماعت مکمل کرنے کے بعد 13 جون کو اپنا فیصلہ محفوظ کر لیا تھا۔ ہیمنت سورین کو ای ڈی نے 31 جنوری کو زمین گھوٹالہ میں منی لانڈرنگ کے الزام میں گرفتار کیا تھا۔
درخواست ضمانت پر سماعت کے دوران ہیمنت سورین کی طرف سے دلائل پیش کرتے ہوئے سپریم کورٹ کے سینئر وکیل کپل سبل اور میناکشی اروڑہ نے کہا تھا کہ ای ڈی نے جس زمین پر قبضہ کے الزام میں ہیمنت سورین کے خلاف کارروائی کی ہے وہ چھوٹا ناگ پور ٹیننسی ایکٹ کے تحت ’بھوئیہاری‘ نوعیت کی ہے اور اسے کسی بھی حالت میں فروخت یا منتقل نہیں کیا جا سکتا۔ اس زمین کی لیز راجکمار پاہن کے نام پر ہے۔ اس زمین پر ہیلیریس کچھپ نامی ایک شخص کھیتی کرتا ہے اور بجلی کا کنکشن اسی کے نام پر ہے۔ اس سے ہیمنت سورین کا کوئی تعلق نہیں ہے۔
ای ڈی کی جانب سے اسسٹنٹ سالیسٹر جنرل ایس وی راجو نے درخواست ضمانت کی مخالفت کرتے ہوئے کہا تھا کہ اس بات کے کافی ثبوت موجود ہیں کہ بری یاتو کی 8.86 ایکڑ زمین پر ہیمنت سورین کا غیر قانونی قبضہ ہے۔ اس زمین کے کاغذات میں بھلے ہی ہیمنت سورین کا نام درج نہیں ہے لیکن زمین پر ناجائز قبضہ پی ایم ایل اے کے تحت جرم ہے۔
واضح رہے کہ ہیمنت سورین نے ای ڈی کی حراست میں رہتے ہوئے وزیر اعلیٰ کے عہدے سے استعفیٰ دے دیا تھا۔ اس وقت سے ریاست کی کمان چمپئی سورین کے پاس ہے۔ ان کی اہلیہ کلپنا سورین پارٹی کا کام دیکھ رہی ہیں۔ ہیمنت سورین کو ضمانت ملنا ایک بڑی راحت کی خبر ہے۔ ممتا بنرجی اور دیگر اپوزیشن کے رہنماؤں نے ضمانت ملنے کا خیر مقدم کیا ہے۔