جھارکھنڈ میں یکساں سول کوڈ نافذ ہوگا، قبائلی اس سے باہر رہیں گے

جھارکھنڈ میں انتخابی ریلی کے دوران وزیر داخلہ  امت شاہ نے  پھر یکساں سول کوڈ کا شوشہ چھوڑا

نئی دہلی ، رانچی، 3 نومبر:

جھارکھنڈ میں انتخابی سرگرمیوں زوروں پر ہیں ۔ ایسے میں تمام سیاسی پارٹیاں اپنی اپنی ریلیوں  میں مصروف ہیں ۔جھارکھنڈ میں بی جے پی مکمل طور پر ماحول فرقہ وارانہ اور ہندو مسلم بنانے میں مصروف ہے۔ہمنتا بسوا سرما کے بعد اب مرکزی وزیر داخلہ نے  جھارکھنڈ میں متنازعہ یکساں سول کوڈ کو اعلان کیا ہے۔اور توقع کے مطابق قبائلیوں کو اس سے مستثنیٰ رکھنے کا وعدہ کیا ہے۔

رپورٹ کے مطابق مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ دو روزہ دورے پر ہفتہ کی رات دیر گئے رانچی پہنچے۔ انہوں نے اتوار کو رانچی کے ہوٹل ریڈیسن بلو میں جھارکھنڈ اسمبلی انتخابات کے لیے بی جے پی کا ‘سنکلپ پتر ‘ جاری کیا۔ اس دوران امت شاہ نے کہا کہ جھارکھنڈ میں یکساں سول کوڈ لاگو کیا جائے گا لیکن قبائلی کسی بھی طرح متاثر نہیں ہوں گے۔ ان کے قوانین، ان کی روایات اور ان کا کلچر وہی رہے گا۔ قبائلی عوام کو یو سی سی سے باہر رکھا جائے گا۔شاہ نے کہا کہ آبادی کو کنٹرول کرنے اور قبائلی آبادی کے تحفظ کے لیے یو سی سی ضروری ہے۔ ہم اسے جھارکھنڈ میں ضرور لاگو کریں گے۔ ہیمنت سورین اور ان کی اتحادی پارٹی کے رہنما یو سی سی کے بارے میں جھوٹا پروپیگنڈہ پھیلا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جھارکھنڈ مکتی مورچہ اور اس کی اتحادی جماعتیں لوگوں کو بتا رہی ہیں کہ اگر بی جے پی کی حکومت بنتی ہے تو یہاں یو سی سی نافذ کیا جائے گا۔ یو سی سی کے آنے سے قبائلیوں کی تہذیب و ثقافت خطرے میں پڑ جائے گی۔ ہیمنت سورین اور ان کے ساتھیوں کا یہ کہنا غلط ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ درست ہے کہ بی جے پی حکومت جھارکھنڈ میں یو سی سی کو نافذ کرے گی لیکن یہ درست نہیں ہے کہ اس کا قبائلیوں پر کوئی اثر پڑے گا۔ ہم قبائلیوں کو یو سی سی سے باہر رکھیں گے۔ اس کا ان کی ثقافت، ان کی روایات پر کوئی اثر نہیں پڑے گا۔شاہ نے وزیر اعلیٰ ہیمنت سورین پر نشانہ لگاتے ہوئے کہا کہ اس میں لکھا ہوا ہر لفظ، بی جے پی کا ہر وعدہ پتھر پر ہے۔ ہم اسے ضرور مکمل کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ ہم ایسا جھارکھنڈ بنائیں گے کہ کسی کو نوکری حاصل کرنے کے لیے ریاست سے باہر نہیں جانا پڑے گا۔