جھارکھنڈ میں بھی این آرسی کا جن ،شیو راج سنگھ چوہان کا اعلان
نئی دہلی،08 اکتوبر :۔
جموں و کشمیر اور ہریانہ میں انتخابات ختم ہو گئے ہیں اب بی جے پی جھارکھنڈ میں سر گرم ہو گئی ہے۔حیران کن طریقے سے بی جے پی کے انتخابی انچارج شیو راج سنگھ چوہان نے کہا ہے کہ جھارکھنڈ میں قومی شہریت رجسٹریشن نافذ کیا جائے گا اور در اندازوں کو چن چن کر باہر نکالا جائے گا۔ مدھیہ پردیش کے سابق وزیر اعلیٰ شیو راج نے کہا کہ بی جے پی کا انتحابی منشور آنے والا ہے۔ یہ الیکشن صرف کسی کو وزیر اعلیٰ بنانے کا نہیں ہے۔ یا کسی پارٹی کو اقتدار میں لانےکا الیکشن نہیں ہے۔ یہ الیکشن جھارکھنڈ کو بچانے کا الیکشن ہے۔ روٹی ،بیٹی اور ماٹی ان تینوں کا دفاع کرنا ہمارا عزم ہے۔
اس دوران شیو راج سنگھ چوہان نے مزید کہا کہ بنگلہ دیشی در اندازوں کے سبب جھارکھنڈ کی ڈیمو گرافی تیزی سے بدل رہی ہے۔ سنتھال پرگنہ میں کبھی آدیواسی آبادی 44 فیصد سے زیادہ تھی۔ لیکن اب کم ہو کر 28 فیصد رہ گئی ہے۔ ان در اندزوں کے سبب باقی آبادی متاثر ہوئی ہے۔ ہندوستان کی سر زمین پر جنہوں نے جنم لیا ہے وہ سب ہمارے اپنے ہیں لیکن یہاں در انداز تیزی سے جاری ہے۔ کیونکہ ووٹ بینک کے لالچ میں ہیمنت سورین کی سرکار ،اتحاد کی حکومت ان کو یہاں داخل کروا رہی ہے۔ ان کے آدھار کارڈ بنوا رہی ہے ووٹر لسٹ میں ان کے نام لکھوا رہی ہے۔
شیو راج سنگھ چوہان نےدعویٰ کیا کہ دراندازوں کا خطرہ اتنا بڑا ہے کہ وہ آتے ہیں ،ہماری زمین پر قبضہ کرتے ہیں ۔ ہماری ماٹی جا رہی ہے۔ صرف زمین پر قبضہ نہیں کرتے، آدی واسی بیٹیوں سے شادی کرتے ہیں ،بیٹیوں کے ٹکڑے ٹکڑے کر کے پھینکے گئے ہیں ۔ متعدد بیٹیوں کو جال میں پھنسا کر ان سے شادی کی گئی ۔ ان کے نام پر پراپرٹی خرید رہے ہیں ۔ اس کے مالک بن رہے ہیں ۔ بیٹیوں سے شادی کر کے الیکشن لڑ ے جا رہے ہیں ۔ مقامی حکومت پر قبضہ کر رہے ہیں ۔
واضح رہے کہ آسام میں این آر سی کے ذریعہ ہندو اکثریت کو پولرائز کرنے کی کوشش کی گئی تھی اور اب این آر سی کے ایشو کے ذریعہ جھارکھنڈ میں بھی ہندو اکثریت کو سادھنے کی کوشش کر رہی ہے۔