جو بھی مسلمان بھائیوں اور بہنوں کو ڈرانے دھمکانے کی کوشش کرے گا، اسے بخشا نہیں جائے گا
مہاراشٹر کے نائب وزیر اعلیٰ اجیت پوار نےافطار پارٹی کا اہتمام کر کے مسلمانوں کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کیا

نئی دہلی ،ممبئی، 22 مارچ :۔
مہاراشٹر میں اورنگ زیب کو لے کر شدت پسند ہندو تنظیموں کی جانب سے ہنگامہ آرائی جاری ہے۔گزشتہ دنوں وشو ہندو پریشد اور بجرنگ دل کے احتجاج کے دوران تشدد پھوٹ پڑا اور مہاراشٹر کا ناگپور شہر فسادات کی آگ میں جل اٹھا۔مسلمانوں کے خلاف نفرت اپنے عروج پر ہے۔وزیر اعلیٰ اور وزرا سمیت مسلمانوں کے خلاف نفرت انگیز بیانات دے رہے ہیں وہیں مہاراشٹر کے نائب وزیر اعلیٰ اجیت پوار نے مسلمانوں کے تعلق سے ایک الگ بیان دے کر تذبذب کا ماحول پیدا کر دیا ہے۔در اصل ممبئی کے میرین لائنز میں ایک افطار پارٹی کی میزبانی کی، جہاں انہوں نے ہندوستان کے ثقافتی تنوع پر روشنی ڈالی اور اورنگ زیب کی قبر کے حوالے سے جاری تنازعے کے پس منظر میں مسلمانوں کو درپیش ممکنہ خطرات پر خبردار کیا۔ افطار پارٹی کے دوران اجیت پوار نے فرقہ وارانہ کشیدگی کے خلاف سخت موقف اختیار کرتے ہوئے کہا کہ ’’جو بھی ہمارے مسلمان بھائیوں اور بہنوں کو ڈرانے دھمکانے کی کوشش کرے گا، برادریوں کے درمیان تصادم پیدا کرے گا یا قانون کو اپنے ہاتھ میں لے گا، اسے بخشا نہیں جائے گا۔‘‘
رمضان المبارک کے موقع پر میرین لائنز میں منعقدہ اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے نیشنلسٹ کانگریس پارٹی (اجیت پوار گروپ) کے رہنما نے ملک میں اتحاد کی طاقت کو اجاگر کیا۔ انہوں نے کہا کہ ’’ہندوستان تنوع میں اتحاد کی علامت ہے، ہمیں تقسیم کرنے والی طاقتوں کے جال میں نہیں پھنسنا چاہیے۔‘‘
نائب وزیر اعلیٰ کا یہ خوش آئند بیان پر جہاں لوگ اطمینان کا اظہار کر رہے ہیں وہیں سوال بھی پوچھا جا رہا ہے کہ جس حکومت میں وہ وزیر اعلیٰ ہیں انہیں کی کابینہ وزیر مسلمانوں کے خلاف اشتعال انگیز بیانات دے رہے ہیں اور مسلمانوں کو سر عام مارنے کی دھمکی آمیز بیانات دیتے ہیں مگر ان کی حکومت اس سلسلے میں کوئی کارروائی کرنے کی بجائے خود وزیر اعلیٰ مسلمانوں کے خلاف نفرت انگیز بیان دیتے ہیں ۔
اس موقع پر اجیت پوار نے معاشرے میں مذہبی ہم آہنگی اور اتحاد و یگانگت کی باتیں کہیں۔ اجیت پوار نے مختلف مذاہب کے تہواروں کو مل کر منانے کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ ہولی، گڑی پڑوا اور عید جیسے مواقع بقائے باہمی کی اقدار کو فروغ دیتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ’’ہم سب کو مل کر جشن منانا چاہیے کیونکہ اتحاد ہی ہماری اصل طاقت ہے۔ میں آپ کو یقین دلانا چاہتا ہوں کہ آپ کے بھائی اجیت پوار آپ کے ساتھ ہیں۔‘‘