جونپور :ضلعی عدالت نے اٹالہ مسجد کے سروے کی اجازت سے انکار کر دیا

سپریم کورٹ کے حالیہ حکم کا حوالہ دیتے ہوئے، سول جج سودھا شرما نے اٹالہ مسجد کیس کی اگلی سماعت 2 مارچ 2025  تک ملتوی کر دی

نئی دہلی ،17 دسمبر :۔

پلیسز آف ورشپ ویکٹ پر حالیہ دنوں میں سپریم کورٹ کے حکم  کے بعد امکانات روشن ہوئے تھے کہ اب کسی اور مسجد کے نیچے مندر ہونے کے دعوے کی درخواستیں عدالتوں میں قبول نہیں کی جائیں گی اور نہ ہی نیا سروے کا حکم جاری کیا جائے گا ۔ سپریم کورٹ کے اس حکم کا اثر اب نظر آنے لگا ہے  ۔اتر پردیش کے جونپور ضلع کی ایک مقامی عدالت نے سپریم کورٹ آف انڈیا کے  اس عبوری حکم کا حوالہ دیتے ہوئے 14ویں صدی کی اٹالہ مسجد کے  سروے کی اجازت دینے سے انکار کر دیا ہے۔

منگل کے روز ضلعی عدالت کایہ  فیصلہ، عدالت عظمیٰ کی ہدایت کو تقویت دیتا ہے جس میں نچلی عدالتوں کو عبادت گاہوں سے متعلق معاملات پر سروے سے متعلق کسی بھی عبوری یا حتمی احکامات کو منظور کرنے سے روک دیا گیا ہے۔سول جج (جونیئر ڈویژن) سودھا شرما کے ذریعہ جاری کردہ حکم  سپریم کورٹ کی ہدایات پر سختی سے عمل کرنے پر زور دیتا ہے۔

ضلعی عدالت نے سماعت کے دوران اپنے فیصلے میں لکھا کہ جیسا کہ معزز سپریم کورٹ نے ہدایت کی ہے کہ زیر التواء مقدمات کی سماعت کی اگلی تاریخ تک، کوئی بھی عدالت کوئی موثر عبوری حکم یا حتمی حکم جاری نہیں کرے گی اس میں سروے کی اجازت دینے والے احکامات بھی شامل ہیں۔   اس میں مزید کہا گیا ہے، "17C پر کوئی بھی سماعت / 17C پر احکامات امین رٹ کے لیے پولیس امداد کے طور پر سپریم کورٹ کی مزید ہدایات تک یہ عدالت منظور نہیں کرے گی۔ سپریم کورٹ کے حکم کی سختی سے تعمیل کی جائے۔

واضح رہے کہ سپریم کورٹ کا عبوری حکم، جو 12 دسمبر 2024 کو منظور ہوا، ایک خصوصی بنچ نے جاری کیا تھا جس میں چیف جسٹس آف انڈیا سنجیو کھنہ، جسٹس سنجے کمار، اور جسٹس کے وی  وشواناتھن شامل تھے۔ اس حکم میں عبادت گاہوں کے ایکٹ 1991 پر جاری بحثوں کے درمیان عبادت گاہوں پر جمود کو برقرار رکھنے کی کوشش کی گئی ہے۔ یہ ایکٹ عبادت گاہوں کے مذہبی کردار میں جیسا کہ 15 اگست 1947 میں تھا، کسی قسم کی تبدیلی کو روکتاہے۔

قابل ذکر بات یہ ہے کہ عدالت عظمیٰ کا حکم نچلی عدالتوں کو سروے کے احکامات پاس کرنے سے روکتا ہے، لیکن یہ عبادت گاہوں کے خلاف فی الحال زیر التواء مقدموں میں کارروائی نہیں روکتا ہے۔ سپریم کورٹ نے مرکزی حکومت سے یہ بھی کہا ہے کہ وہ چار ہفتوں کے اندر عبادت گاہوں کے قانون کی آئینی جواز کو چیلنج کرنے والی عرضیوں پر اپنا جوابی حلف نامہ داخل کرے۔ اس معاملے پر اگلی سماعت 19 فروری 2025 کو ہوگی۔

ان پیشرفتوں کی روشنی میں، سول جج سودھا شرما نے اٹالہ مسجد کیس کی اگلی سماعت 2 مارچ 2025 کو ملتوی کرتے ہوئے وسیع تر آئینی مسائل پر سپریم کورٹ کے فیصلے کے لیے وقت دیا ہے۔

یاد رہے کہ اٹالہ مسجد پر تنازع سوراج واہنی ایسوسی ایشن   اور ایک فرد، سنتوش کمار مشرا کی طرف سے دائر کیے گئے ایک مقدمے سے پیدا ہوا ہے۔ مقدمے میں یہ اعلان کرنے کا مطالبہ کیا گیا ہے کہ یہ جگہ ’اٹالہ دیوی مندر‘ ہے اور دعویٰ کیا گیا ہے کہ ہندو مذہب کے پیروکاروں کو وہاں عبادت کرنے کا حق ہے۔