جنگ بندی معاہدے پر عملدرآمد؛ حماس نے 24 اور اسرائیل نے 39 فلسطینی قیدیوں کو رہا کردیا

غزہ،25نومبر
حماس اور اسرائیل نے جنگ بندی معاہدے پر عمل درآمد کرتے ہوئے قیدیوں اور یرغمالیوں کی رہائی کا سلسلہ شروع کردیا۔ میڈیا رپورٹ کے مطابق جنگ بندی کے معاہدے کے تحت حماس نے یرغمالیوں کے پہلے گروپ کو رہا کردیا، جس میں 24 یرغمالی شامل تھے۔
قطر کے وزارت خارجہ کے بیان کا حوالے سے رپورٹ نے بتایا کہ ریڈ کراس کو حماس کی جانب سے رہا کیے گئے 24 یرغمالی موصول ہوئے تھے، جن میں 13 اسرائیلی، 10 تھائی لینڈ اور ایک فلپائن کا شہری ہے۔
دوسری جانب اسرائیل نے بھی معاہدے کے تحت خواتین اور بچوں پر مشتمل قیدیوں کو رہا کردیا۔ رپورٹ کے مطابق اسرائیلی جیلوں میں قید 39 خواتین قیدیوں بشمول نابالغ بچوں کو رہا کیا گیا ہے۔
قطر کے وزارت خارجہ نے بتایا کہ اسرائیلی قید کی حراست سے رہائی پانے والوں میں 24 فلسطینی خواتین اور 15 نابالغ بچے شامل ہیں۔ عرب میڈیا رپورٹ کے مطابق دونوں طرف سے رہائی پانے والوں کو طبی معائنے کیلئے اسپتال منتقل کیا گیا ہے۔
تھائی لینڈ حکومت نے بھی حماس کے پاس غزہ میں موجود اپنے شہریوں کی رہائی کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ اپنے ہم طنوں کی راہ تک رہے ہیں اور ان کی اہل خانہ ایک ایک پل گن رہے ہیں۔