جنگ بندی خطے میں امن و استحکام کی ایک نئی امید فراہم کرتی ہے:امیر جماعت
جماعت اسلامی ہند کا ہندوستان اور پاکستان کے درمیان جنگ بندی کے اعلان کا خیر مقدم، پائیدار امن کے لیے کوششوں کی اپیل

دعوت ویب ڈیسک
نئی دہلی،11 مئی :۔
بالآخر امریکی ثالثی ،سعودی عرب اور ایران کی پائدار کوششوں سے ہندوستان اور پاکستان کے مابین جنگ بندی پر رضا مند ہو گئے ۔دونوں ملکوں کے درمیان گزشتہ کل جنگ بندی کی رضا مندی کے اعلان کے بعد دنوں ملکوں کے انصاف پسند اور امن پسند طبقے نے راحت کی سانس لی اور اس قدم کی پذیرائی کی گئی۔معروف ملی تنظیم جماعت اسلامی ہند نے بھی اس جنگ بندی کو خطے کے امن کے استحکام کیلئے نئی امید قرار دیا ہے ۔
جماعت اسلامی ہند کے امیر سید سعادت اللہ حسینی نے ہندوستان اور پاکستان کے درمیان جنگ بندی کے اعلان کا خیر مقدم کیا ہے۔میڈیا کو جاری اپنے بیان میں امیر جماعت نے کہا "ہم ہندوستان اور پاکستان کے درمیان جنگ بندی کے اعلان کا خیر مقدم کرتے ہیں۔ یہ ایک مثبت اور نہایت ضروری پیش رفت ہے جو خطے میں امن و استحکام کی ایک نئی امید فراہم کرتی ہے۔ ہم ان تمام افراد، سول سوسائٹی تنظیموں اور قومی و بین الاقوامی اداروں کی ستائش کرتے ہیں جنہوں نے کشیدگی کے ماحول میں امن، تحمل اور تناو کوختم کرنے کے لیے آواز بلند کی۔ غصےاور تناو کی فضامیں ان کی کوششیں انسانی تکریم اور انسانی جانوں کے تحفظ کی یاددہانی کا ذریعہ ثابت ہوئیں۔”
سید سعادت اللہ حسینی نے مزید کہا "ہم ان تمام خاندانوں سے دلی تعزیت کا اظہار کرتے ہیں جنہوں نے اس تنازعے میں اپنے عزیزوں کو کھویا۔ ہم حکومتِ ہند سے مطالبہ کرتے ہیں کہ وہ جاں بحق افراد کے اہل خانہ کو مناسب معاوضہ فراہم کرے اور خاص طور پر سرحدی علاقوں میں رہنے والے شہریوں اور کمیونٹیوں کو پیش آئے معاشی نقصان اور ذرائع روزگار کی تباہی کے ازالے کے لیے مؤثر اقدامات کرے۔ یہ جنگ بندی ایک نئے باب کا آغاز ہے، اور ہم سمجھتے ہیں کہ پائیدار امن کا حصول صرف اسی وقت ممکن ہے جب بات چیت اور سفارتی روابط کو مستقل ادارہ جاتی شکل دی جائے۔ جماعت اسلامی ہند امن، انصاف اور ہم آہنگی کے مقاصد سے اپنی گہری وابستگی کا اعادہ کرتی ہے اور دونوں ممالک سے اپیل کرتی ہے کہ اس جنگ بندی کو علاقے میں پائیدارامن، باہمی احترام اور تعاون کی بنیاد بنائیں اور علاقے کو دہشت گردی سے مکمل طور پرپاک کرنے کے لیے ٹھوس اقدامات کریں۔”