جنسی استحصال معاملے میں برج بھوشن سنگھ عدالت میں پیش،ملی ضمانت
نئی دہلی،18جولائی:۔
لمبے عرصے سے سرخیوں میں رہنے والے بی جے پی کے رکن پارلیمنٹ برجن بھوشن شرن سنگھ آج عدالت میں پیش ہوئے ۔خاتون پہلوانوں کے ساتھ جنسی استحصال کے الزام کا سامنا کر رہے بی جے پی رکن پارلیمنٹ برج بھوشن سنگھ کو آج دہلی کی ایک عدالت نے عبوری ضمانت دے دی۔ دہلی کے راؤز ایوینیو کورٹ کے ذریعہ سمن جاری کیے جانے کے بعد منگل کے روز برج بھوشن کی پیشی ہوئی اور سماعت شروع ہونے کے کچھ ہی دیر بعد عبوری ضمانت پر فیصلہ آ گیا۔ عدالت نے اس معاملے میں برج بھوشن اور شریک ملزم ونود تومر کو 2 دن کے لیے یہ راحت دی ہے۔ اس معاملے میں اگلی سماعت 2 دن بعد کی ہی طے کی گئی ہے۔ راؤز ایوینیو کورٹ نے یہ ضمانت 25 ہزار روپے کے ذاتی مچلکہ پر دی ہے۔ اب عدالت 20 جولائی کی دوپہر 12.30 بجے اس معاملے پر سماعت کرے گی جہاں مستقل ضمانت پر سماعت ہو سکتی ہے۔
منگل کے روز برج بھوشن کی پیشی سے پہلے عدالت میں سخت سیکورٹی کا انتظام کیا گیا تھا۔ برج بھوشن کی طرف سے وکیل اے پی سنگھ اور راجیو موہن نے دلیل پیش کی جبکہ دہلی پولیس کی طرف سے اتل شریواستو نے اپنی بات رکھی۔ دہلی پولیس نے ضمانت دینے کی مخالفت کی اور کہا کہ ایسا ہونے پر وہ گواہوں کو متاثر کر سکتے ہیں۔ سماعت کے دوران برج بھوشن کے وکیل راجیو موہن نے کہا کہ دہلی پولیس نے بغیر گرفتاری کے اس معاملے میں چارج شیٹ داخل کی ہے اور جو دفعات لگی ہیں ان میں کسی میں بھی 5 سال سے زیادہ کی سزا کا التزام نہیں ہے۔ برج بھوشن کے وکیل نے اس دوران کہا کہ ’’ہمیں آج ہی چارج شیٹ مل رہی ہے، ہم اسے لیک نہیں کریں گے اور دوسرے لوگ بھی صحافیوں میں اسے لیک نہ کریں۔‘‘
واضح رہے کہ دہلی پولیس نے گزشتہ ماہ اس معاملے میں چارج شیٹ داخل کی تھی۔ تقریباً ڈیڑھ ہزار صفحات کی چارج شیٹ میں برج بھوشن سنگھ پر کئی سنگین الزامات لگائے گئے تھے جس کے بعد 6 جولائی کو عدالت نے برج بھوشن سنگھ کی پیشی کے لیے سمن جاری کیا تھا۔ دہلی پولیس نے اپنی چارج شیٹ میں تقریباً 6 خاتون پہلوانوں کے بیانات کی بنیاد پر برج بھوشن سنگھ پر الزامات طے کیے تھے۔ پولیس نے برج بھوشن پر دفعہ 354، 354 اے، 354 ڈی کے تحت معاملہ درج کیا تھا۔ علاوہ ازیں شریک ملزم ونود تومر کے خلاف تعزیرات ہند کی دفعہ 109، 354، 354 (اے)، 506 کے تحت الزامات لگائے گئے ہیں۔