جمشید پور میں مذہبی پرچم کی مبینہ ‘توہین’ پر ہنگامہ، پتھراؤ اور آتش زنی کے بعد دفعہ 144 نافذ
جمشید پور،10اپریل :۔
گزشتہ دنوں رام نومی کے موقع پر بہار اور بنگال کے علاوہ ملک کی دیگر ریاستوں میں ہنگامہ اور فسادات کے بعد اب ایک بار پھر جھارکھنڈ کے شاستری نگر میں تشدد کی اطلاعات ہیں۔ رپورٹ کے مطابق ، مذہبی پرچم کی مبینہ بے حرمتی کے بعد دو گروپوں کی طرف سے پتھراؤ اور آتش زنی کے بعد اتوار کی شام کو علاقے میں امتناعی احکامات نافذ کر دیے گئے۔ افسران نے یہ معلومات فراہم کیں۔ انہوں نے بتایا کہ پرتشدد ہجوم نے دو دکانوں اور ایک آٹو رکشا کو نذر آتش کر دیا۔
حکام نے بتایا کہ پولیس نے بھیڑ کو منتشر کرنے کے لیے آنسو گیس کے گولے داغے۔ عہدیداروں نے بتایا کہ کڑما تھانہ علاقہ کے تحت شاستری نگر میں امن و امان برقرار رکھنے کے لئے کافی پولیس فورس تعینات کی گئی ہے۔سب ڈویژنل آفیسر پیوش سنہا نے کہا، "ضابطہ فوجداری کی دفعہ 144 کے تحت امتناعی احکامات نافذ کیے گئے ہیں۔
مشرقی سنگھ بھوم ضلع کے ڈپٹی کمشنر وجئے جادھو نے کہا کہ کچھ سماج دشمن عناصر امن کو خراب کرنے کی کوشش کر رہے ہیں اور ان کے عزائم کو ناکام بنانے کے لیے عام شہریوں سے تعاون کی درخواست کی۔
بتا دیں کہ اس سے قبل جمشید پور میں رام نومی جلوس کے دوران دو گروپوں کے درمیان تصادم کے بعد پتھراؤ ہوا تھا۔ بعد میں ہلدی پوکھر میں کچھ لوگوں نے پوٹکا کے عدالتی افسر کو معطل کرنے اور پتھراؤ کے ذمہ داروں کے خلاف کارروائی کرنے کے لیے بند کی کال دی، جس میں پانچ افراد زخمی ہوئے۔